27 مئی ، 2015
اسلام آباد.......ایف آئی اے نے ایگزیکٹ کے امریکا میں 6اور برطانیہ میں ایک بینک اکاؤنٹ کی تحقیقات کے لیے انٹرپول کو خط بھی لکھ دیا ہے۔ جعلی ڈگری اسکینڈل میں ایگزیکٹ کمپنی کے خلاف ایف آئی اے کی تحقیقات تیزی سے جاری ہیں اور کمپنی کے دفاتر سے قبضے میں لیے گئے کمپیوٹرز کی تفصیلی فرانزک رپورٹ تیار کی جا رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا نے وزارت داخلہ کو عندیہ دیا ہے کہ ایف بی آئی اسکینڈل کی تحقیقات میں ایف آئی اے کو معاونت فراہم کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فرانزک رپورٹ کی تیاری کے دوران ایف آئی اے نے ایگزیکٹ کمپنی کے امریکا میں 6اور برطانیہ میں 1مبینہ بینک اکاؤنٹ کا سراغ بھی لگایا ہے جن کی تفصیلات حاصل کرنے کے لیے انٹرپول کو وزارت داخلہ کی منظوری سے خط لکھ دیا گیا ہے۔ انٹرپول سے ایگزیکٹ کے زیر استعمال ویب سائیٹس کی ڈومینز کے بارے معلومات کی درخواست بھی کی گئی ہے۔ ایف آئی اے نے برطانیہ کو ایگزیکٹ کمپنی کے ریکارڈ سے حاصل شدہ برطانیہ کی یونیورسٹی آف روشویل کی تصدیق کے لیے بھی خط لکھا ہے۔