27 مئی ، 2015
پشاور.......تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آج پھر دعویٰ کیا ہے کہ یہ الیکشن کا سال ہے، سیکولر اور مولانا ایک ہوگئے ہیں، تحریک انصاف نے دشمنوں کو بھی ایک کردیا، لیکن کپتان سب کو شکست دے گا۔ عمران خان نے پشاور میں جلسے سے خطاب میں کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کے بعد دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہونے والا ہے، صاف شفاف الیکشن کیلئے محنت کی، ایمان ہے کہ اسی سال پاکستان میں نیا الیکشن ہوگا جس کے بعد تحریک انصاف کی حکومت آئے گی۔اس سے قبل عمران خان نے مردان میں جلسہ عام سے خطاب میں کہا کہ سیکولر اور دینی مولانا کو پی ٹی آئی کے کارکنوں نے اکٹھا کردیا، دشمن بھی ایک ہوگئے، لیکن کپتان سب کو شکست دے گا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے نوشہرہ میں بھی بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے منعقدہ جلسے سے خطاب کیا۔ یہاں ان کا کہنا تھا کہ پختونخوامیں ملک کی 13فیصدآبادی ہے جہاں بلدیاتی نمائندے 45ہزار ہوں گے، پنجاب میں ملک کی 60فیصد آبادی بستی ہے اور وہاں بلدیاتی نمائندوں کی تعداد صرف35ہزار ہوگی، بلدیاتی نظام آتے ہی نئے پاکستان کے خواب کی تعبیر کا سفر خیبرپختونخوا سے شروع ہوگا۔ عمران خان نے مزید کہا کہ نوازشریف نے پنجاب پولیس کو گلوبنادیا ہے، عوام کو پنجاب پولیس سے خطرہ ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس پاکستان کی مثالی پولیس ہے جس نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں۔