27 مئی ، 2015
اسلام آباد........انکوائری کمیشن نے فارم 15 کے لیے تمام حلقوں کے پولنگ بیگز کھولنے کا حکم دے دیا۔ انکوائری کمیشن نے قومی اسمبلی کے تمام حلقوں کے فارم 15کے حصول اور اس کا طریقہ کار طے کرنے کے لیے ان کیمرا اجلاس سپریم کورٹ میں کیا۔ اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں کے وکلاء نے شرکت کی اور تمام قومی و صوبائی حلقوں کے فارم 15کے حصول کی استدعا کرتے ہوئے طریقہ کار سے متعلق تجاویز بھی پیش کیں۔اس کے بعد انکوائری کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے تمام حلقوں کے فارم 15 حاصل کرنے کے لیے پولنگ بیگز کھولنے کا حکم دے دیا۔ انکوائری کمیشن کے فیصلے کے مطابق تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے طے پایا ہے کہ فارم 15کے حصول کے لیے متعلقہ ڈسٹرکٹ جج کی خدمات حاصل کی جائیں گی،الیکشن کمیشن کا عملہ معاونت فراہم کرے گا۔ اگر ایک حلقے میں ایک سے زائد ڈسٹرکٹ ہوں گے تو سینئر ڈسٹرکٹ جج کی زیر نگرانی کام کیا جائے گا۔ انکوائری کمیشن کے فیصلے کے مطابق خاکی،سفید اور نیلے پولنگ بیگز ہی کھولے جائیں گے، اس کے علاوہ انتخابی مواد کو نہیں چھیڑا جائے گا، ہرحلقے کے فارم 15کا الگ پیکٹ بنا کر کمیشن کو بھجوایا جائے گا۔ اگر کسی حلقے کا فارم 15 غائب ہو گا یا بیگ پہلے سے کھلا پایا گیا تو اس کی رپورٹ کمیشن کو بھجوائی جائے گی۔ قبائلی علاقوں میں متعلقہ پولیٹکل ایجنٹ الیکشن کمیشن حکام کے ساتھ مل کر پولنگ بیگز کھول کر فارم 15 حاصل کریں گے۔ کمیشن کے فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن پولنگ بیگز کھولنے کا عمل 8جون تک مکمل کرے گا۔