پاکستان
28 مئی ، 2015

اقتصادی راہداری کے بیشتر پراجیکٹس پرائیوٹ سیکٹرکے پاس ہیں، احسن اقبال

اقتصادی راہداری کے بیشتر پراجیکٹس پرائیوٹ سیکٹرکے پاس ہیں، احسن اقبال

اسلام آباد.......وزیر اعظم کی زیر صدارت آل پارٹیز کانفرنس میں وفاقی وزیر احسن اقبال کا بریفنگ میں کہنا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے بیشتر پراجیکٹس پرائیوٹ سیکٹرکے پاس ہیں، توانائی کے منصوبوں میں کسی صوبے سے ناانصافی نہیں ہوگی، پاک چین اقتصادی راہداری کے طور پر کوئی نئی سڑک تعمیر نہیں کی جارہی بلکہ اس منصوبے کے تحت مختلف سڑکوں کو ایک دوسرے سے لنک کرکے خنجراب تک پہنچایاجائے گا، جس کا فائدہ ہر صوبے کو ہوگا۔ پاک چین اقتصادی راہداری پر مختلف سیاسی جماعتوں کے تحفظات کو، حکومت کی جانب سے آج آل پارٹیز کانفرنس میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے انہیں دور کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے بریفنگ میں بتایا کہ پاک چائنہ کوریڈور کسی ایک سڑک یا منصوبے کا نام نہیں،بلکہ یہ مختلف پروجیکٹس پر مشتمل پورٹ فولیو ہے، جس میں انرجی، گوادر پورٹ، انفرا سٹرکچر اور صنعتی تعاون شامل ہے۔ احسن اقبال نے روٹ کی تبدیلی کے تاثر کو بھی غلط قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اقتصادی راہداری سے ملک کے ہر حصے کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نےصوبہ خیبر پختون خوا اور بلوچستان میں انڈسٹریل زون نہ بنانے کی شکایت کا جواب بھی دیا۔ احسن اقبال نے بریفنگ میں چین سے ملنے والے 46ملین ڈالر کی صوبوں میں غیر منصفانہ تقسیم کے الزام کو بھی غلط قرار دیا۔

مزید خبریں :