28 مئی ، 2015
اسلام آباد......پاک چین اقتصادی راہداری پر وزیراعظم کی زیرد صدارت آل پارٹیز کانفرنس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوئی۔ اجلاس سے خطاب کرتےہوئے نواز شریف نے کہاکہ حکومت اقتصادی راہداری کے معاملات کو شفاف طریقے سے لے کر آگے بڑھ رہی ہے، اس پر کسی کو تحفظات ہیں تو وہ دور ہونے چاہئیں۔ اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہناتھاکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ملکی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، یہ بات سب کو ذہن نشین رکھنی چاہیے کہ چین پاکستان کا دوست ہے اور اسے اس بات سے کوئی غرض نہیں کہ پاکستان میں اس وقت حکومت کس کی ہے۔ وزیراعظم نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ ملکی مفادات کے معاملات پر تمام سیاسی جماعتیں اکٹھے ہوکر فیصلے کریں اور ملکی معاملات افہام و تفہیم سے چلائے جائیں۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں سانحہ صفورا کے ملزمان کی فوری گرفتاری پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو مبارکباد بھی دی۔