28 مئی ، 2015
لاہور...........نون لیگ کے رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری کو کالاباغ ڈیم کی طرح سیاست کی نذر نہیں ہونے دیں گے۔ ایوان اقبال لاہور میں مسلم لیگ تاجر ونگ کی یوم تکبیر تقریب سے خطاب میں حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ قوم سے وعدہ ہے لوڈشیڈنگ کا جن بوتل میں بند کر دیں گے، اقتصادی راہ داری کسی ایک صوبے کا نہیں پورے پاکستان کا منصوبہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم دیکھ رہی ہے دہشت گردی میں کمی آئی ہے،، اس جنگ میں دہشت گردوں کو ہرا کر دم لیں گے ،پی ٹی آئی نے صرف دھرنے اور الزام تراشی کی سیاست کی ہے ،،ن لیگ کی قیادت نے چھ مہینے تک دھرنے والوں کے دعوے اور گالیاں سنیں مگر صبر کا دامن نہیں چھوڑا۔ مسلم لیگ ن لاہور کے صدر، رکن قومی اسمبلی پرویز ملک ، تاجر ونگ لاہور کے صدر اور دیگر نے بھی خطاب کیا،تقریب میں کارکن زبردست جوش وخروش کا اظہار کرتے رہے۔