28 مئی ، 2015
کراچی...........سندھ ہائیکورٹ نے ایگزیکٹ کی جانب سے پیمرا اور ایف آئی اے کے خلاف درخواست مسترد کردی، ایگزیکٹ نے پیمرا اور ایف آئی اے کے خلاف 200 ملین ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔ سندھ ہائی کورٹ میں ایگزیکٹ کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت ہوئی،وہی درخواست جس میں پیمرا اور ایف آئی اے کیخلاف 200 ملین روپے ہرجانے کا دعویٰ کیا گیا تھا،سماعت کے دوران درخواست گزار کا موقف تھا کہ محض امریکی اخبار میں چھپے ایک آرٹیکل کی بنیادپر ایف آئی اے ہراساں کررہی ہے، دوسری طرف پیمرا ہے، جس نے مختلف ٹی وی چینلز پر جاری میڈیا ٹرائل کا کوئی نوٹس نہیں لیا۔ عدالت عالیہ نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ پیمرا آرڈیننس 2002 کے سیکشن 26 کے تحت کوئی بھی لائسنس پیمرا کو اپنی شکایت درج کراتا ہے۔تاہم درخواست گزار نے پیمرا کے بجائے سول عدالت سے رجوع کیا جبکہ قانون کے مطابق پیمرا ہی مجاز اتھارٹی ہے۔ رہی سول کورٹ ، تو وہ مجاز اتھارٹی کے خلاف اپیل سن تو سکتی ہے لیکن مجاز اتھارٹی کا کام نہیں کرسکتی ۔ اس لئے عدالت ایگزیکٹ کی جانب سے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کرتی ہے۔