28 مئی ، 2015
اسلام آباد......سپریم کورٹ نے میڈیا کمیشن کیس میں ضابطہ اخلاق کے تعین کے لیے آئندہ سماعت پر پاکستان براڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن کے صدر اور ضابطہ اخلاق طے کرنے والی کمیٹی کے چیئرمین کو نوٹس جاری کر دیے۔ میڈیا کمیشن کیس کی سماعت جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔ وکیل پیمرا نے عدالت کو بتایا کہ سیکشن چونتیس کے تحت پیمرا کے پاس کوڈ آف کنڈکٹ بنانے کے اختیارات ہیں۔ جس پر جسٹس شیخ عظمت سعید نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کو صرف کاغذ نہ دکھائیں بلکہ یہ بتائیں کہ پیمرا کا بنایا گیا کوڈ آف کنڈکٹ فعال بھی ہے کہ نہیں۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ کہتے ہیں میڈیا ہماری سوسائٹی کا چوتھا ستون ہے لیکن ضابطہ اخلاق پر عمل ہوتا نظر نہیں آتا۔ سیکرٹری اطلاعات محمد اعظم نے عدالت کو بتایا کہ پی بی اے کے صدر نے صرف ایک میٹنگ میں شرکت کی اور کمیٹی کا بنایا گیا مسودہ سینٹ نے یہ کہہ کر قومی اسمبلی کی کمیٹی کے پاس بھجوایا کہ اس پر پی بی اے کا موقف بھی سن لیا جائے۔ جس پر عدالت نے چئرمین پی بی اے میر ابراہیم اور ضابطہ اخلاق کمیٹی کے چئرمین عرفان صدیقی کو نوٹس جاری کر دئیے۔