29 مئی ، 2015
اسلام آباد......پنجاب میں آج سے گاڑیوں کے استعمال کےلیے ایل این جی کی فراہمی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا تاہم سی این جی اسٹیشن مالکان ایل این جی کے طے کردہ طریقہ کار پر تحفظات رکھتے ہیں جس کی وجہ سے اب تک کسی نے سوئی ناردرن میں ڈیمانڈ نوٹ ہی جمع نہیں کرائے۔ سی این جی ایسوسی ایشن کے وائس چیرمین ندیم خان کا کہنا ہے کہ آج سے گاڑیوں میں بھری جانے والی گیس سی این جی کے بجائے ایل این جی ہوگی، جسے گاڑی مالکان پرانے ٹینکوں میں بھروا کراستعمال کرسکیں گے،تاہم یہ گیس کلو گرام کے بجائے لیٹر میں فروخت کی جائے گی ، جس کی قیمت57روپے فی لیٹر ہوگی۔ سوئی ناردرن گیس کمپنی کے مطابق ایل این جی فروخت کرنے کےلیے 12لاکھ روپے کے ڈیمانڈ نوٹ جاری کیے گئے ہیں، ڈیمانڈ نوٹ ادا کرنے والے سی این جی اسٹیشن مالکان کو ہی ایل این جی فراہم کی جائے گی، تاہم مختلف شہروں میں گیس اسٹیشن مالکان کواس ڈیمانڈ نوٹ پر تحفظات تھے، جس کی وجہ سے انہوں نے رقم کی ادائیگی نہیں کی اورڈیمانڈ نوٹ جمع نہیں کرائے۔