29 مئی ، 2015
نئی دہلی......نئی دہلی کے اندرا گاندھی ایئرپورٹ پر طبی جوہری مواد کے پیکٹ میں سے اخراج کے بعد انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی۔ تمام متعلقہ حکام فوری ایئرپورٹ پہنچ گئے۔ جوہری مواد کے اخراج کے بعد دہلی کے اندرا گاندھی ایئرپورٹ کا متعلقہ حصہ بند کر دیا گیا ہے، یہ طبی جوہری مواد ترکی سے بھارت کے ایک نجی اسپتال کیلئے لایا گیا تھا۔ ترکش ایئرلائن کارگو میں دو ملازمین نے اس اخراج کی جانب توجہ دلائی، جہاں 4پیکٹ کو نقصان پہنچا ہوا تھا۔ متعلقہ حکام فوری اس جگہ پہنچے اور علاقے کو بند کردیا۔ حکام کے مطابق گھبرانے کی کوئی بات نہیں، اٹامک انرجی کے ماہرین بھی موقع پر موجود ہیں جبکہ کارگو کے دو نوں ملازمین کو طبی معائنے کیلئے اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔