29 مئی ، 2015
پیرس......رضا چوہدری......تحریک انصاف اوورسیز انٹرنیشنل چیپٹرز آفس کی تحلیل کے بعد عارضی عہدیداروں کے تحت ہونے والے انتخابات کی حیثیت بھی متنازع ہوگی لہٰذا منتخب عہدیداروں کی موجودگی تک اوورسیز چیپٹرز کے الیکشن بھی ملتوی کئے جائیں۔ ایڈووکیٹ محمد ندیم یوسف کسانہ، پاکستان تحریک انصاف اوورسیز انٹرنیشنل کے سینئر لیڈر ایڈووکیٹ محمد ندیم یوسف کسانہ نے پاکستان تحریک انصاف اوورسیز چیپٹرز آفس کی تحلیل اور دوبارہ انہی افراد کو نامزد کرنے پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ جسٹس (ر) وجیہہ الدین نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں انٹرا پارٹی الیکشن پر سوال اٹھائے تھے جن کے جواب میں چیئرمین عمران خان نے پارٹی کے تمام عہدیداروں کو تحلیل اور عارضی عہدیداروں کی نامزدگی کی گئی جبکہ اسی طرح اوورسیز انٹرنیشنل چیپٹرز آفس میں بھی انہی عہدیداروں کو دوبارہ نامزد کر دیا گیا ہے،جن پر پہلے ہی سے شدید تحفظات پائے جاتے تھے لہٰذا ان حالات میں جبکہ عہدے دار عارضی ہوں وہ آئینی اور قانونی طور پر انتخابات نہیں کرواسکتے، اگر ان متنازع عارضی اشخاص نے انتخابات کرائے تو اس پر سوالیہ نشان لگ جائیں گے. ان حالات میں ضروری ہے کہ وہ عہدیدار آئینی مینڈیٹ سے تجاوز نہ کریں۔انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ اوورسیز انٹرنیشنل کے معاملے کو ذاتی طور حل کریں، ممبر شپ فیس میں کمی کے ساتھ ساتھ پارٹی کی مرکزی اور صوبائی ایگزیکٹو کمیٹیوں میں اوورسیز پاکستانی کو نمایاں نمائندگی بھی دی جائےکیونکہ اوورسیز پی ٹی آئی کے ارکان پارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔