10 مئی ، 2012
اسلام آباد … توہین عدالت کیس میں سزا یافتہ ہونے پر وزیراعظم اور ان کی کابینہ کو کام سے روکنے کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں آئینی درخواست دائر کردی گئی جس کی ابتدائی سماعت کل کی جائے گی۔ جی ایم چوہدری ایڈووکیٹ نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور وفاقی کابینہ کے خلاف آئینی درخواست میں موٴقف اختیار کیاہے کہ سپریم کورٹ سے سزا اور اس بارے میں تفصیلی فیصلے کے بعد یوسف رضا گیلانی اسمبلی رکنیت سے نااہل ہوچکے ہیں اور وزیر اعظم نہیں رہے جبکہ ان کی کابینہ بھی کام کرنے کی مجاز نہیں۔ اس درخواست کی ابتدائی سماعت کل جسٹس شوکت صدیقی کی عدالت میں ہوگی۔ اسی عدالت نے چند روز پہلے بھی جی ایم چوہدری ایڈووکیٹ کی ایسی ہی ایک درخواست اس بنیاد پر نمٹادی تھی کہ ابھی سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ آنا باقی ہے۔