30 مئی ، 2015
کراچی......رفیق مانگٹ......بھارت مسلح افواج میں خواتین کو جنگی کردار نہیں دے گا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر دفاع منوہر پریکر نے مسلح افواج میں خواتین کے لیے کسی بھی قسم کے جنگی کردار کو مسترد کردیا ہے۔ان کے مطابق عورت جنگی قیدی بن جائے تو دشمن افواج کی تحویل میں ہر طرح کے ظلم کا شکار ہو سکتی ہے۔ انہوں نے خواتین کی حفاظت کے بارے میں خدشات کے باعث ان کو مسلح افواج میں جنگی کارروائیوں کے لئے بھرتی کرنے سے انکار کردیا، تاہم انہوں نے مسلح افواج کے دیگر آپریشنل ایریاز میں خواتین کے شامل ہونے کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ وزیر دفاع منوہر پریکر نے کہا کہ خواتین فوج کے دیگر آپریشنل فیلڈز میں قدم رکھ سکتی ہیں، تاہم جنگی محاذ پر خواتین کے لڑنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت کی صورت حال کے بارے ذرا سوچو جب ایک عورت جنگی قیدی بن جائے اور وہ دشمن افواج کی تحویل میں قیدی ہوکر کس طرح کے ظلم کا شکار ہو سکتی ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ جنگی کردار کے علاوہ فورسز کے دیگر آپریشنل فیلڈز میں خواتین کے شامل ہونے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔نیشنل ڈیفنس اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر انہو ں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دیگر فیلڈز میں بھی ان کے شامل ہونے میں مرحلہ وار اضافہ کیا جائے گا۔افواج میں حکام کی کمی کے بارے انہوں نے کہا کہ اس خلا کو فی الحال کم کیا جارہا ہے اس وقت یہ کمی 7ہزار رہ گئی ہے جب کہ اس سے قبل یہ 11ہزار تھی۔