03 جون ، 2015
اسلام آباد........آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا نا مکمل ایجنڈا ہے،پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں، پاکستان کےدشمن دہشت گردوں کی حمایت کر کے روایتی تنازعات کو ہوا دینے اور پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ایسے مکروہ عزائم کوخاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت اور عزم رکھتے ہیں۔ نیشنل ڈیفنس یونی ورسٹی اسلام آباد میں خطاب میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے لیے سول ملٹری تعاون زیادہ ناگزیر ہو چکا، آپریشن ضرب عضب میں اہم کامیابیوں نے شہری علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کاروائی کی راہ ہموار کی ہے۔ آرمی چیف نےکہاکہ پاکستان کےدشمن دہشت گردوں کی حمایت کر کے روایتی تنازعات کو ہوا دینے اور پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ایسے مکروہ عزائم کوخاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت اور عزم رکھتے ہیں، مستقبل کی جنگوں کے خدو خال تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں،پاکستان دوسرے ممالک کے خلاف پراکسی کے استعمال کا مخالف ہے اور کسی دوسرے ملک کو بھی پاکستان کے خلاف پراکسی وار کی اجازت نہیں دیں گے۔ جنرل راحیل شریف کاکہناتھاکہ مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے، پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں،خطے میں امن و استحکام کے ساتھ کشمیر میں امن بھی ضروری ہے،اقوام متحدہ کی قرارداد وں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل سے ہی خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن ہے۔