07 جون ، 2015
راولپنڈی........... راولپنڈی میں پولیس کے ہاتھوں قتل ہونے والے دو بھائیوں کوپوسٹ مارٹم کے بعد سپرد خاک کردیا گیا۔مقتولین کی نماز جنازہ ایکسپریس وے پر دھرنا دینے کے بعد ادا کی گئی۔ ایس ایس پی آپریشنز پر مشتعل مظاہرین کے پتھرائو پر پولیس نے دوڑ لگا دی۔ راول پنڈی کے دو بھائی شکیل اور ذیشان گزشتہ رات تھانہ نیو ٹائون کے علاقے میں پولیس ناکے پر تعینات محافظ فورس کے اہلکاروں کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے تھے ۔ مقتول بھائیوں کے ورثا کے مطابق دونوں بھائی شکیل اور زیشان رات کو دوکان پر کام ختم کرنے کے بعد واپس گھر جا رہے تھے، جہاں ناکے پر تعینات محافظ فورس کے اہلکاروں نے موٹر سائیکل سوار بھائیوں کو رکنے کا اشارہ کیا، نہ رکنے پر پولیس کی فائرنگ سے دونوں بھائی جاں بحق ہو گئے۔ آج دونوں بھائیوں کی میتیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کی گئیں تو لواحقین اور اہل علاقہ میتیں لے کراسلام آباد ایکسپریس وے پر آگئے اور میتیں رکھ کر سڑک بلاک کردی۔ انتظامیہ نے احتجاج ختم کرانے کی کوشش کی تو مظاہرین نے ایس ایس پی آپریشنز مالک کرامت حسین اور پولیس فورس پر پتھرائو کیا جس پر وہ پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوگئے۔ کئی گھنٹوں کے احتجاج کے بعد لواحقین تدفین کے لئے میتوں کو قبرستان لے گئے۔