11 مئی ، 2012
وزارت پانی و بجلی کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ نے پی ایس او اور گیس کمپنیوں کو ادائیگی کیلئے 7 ارب روپے جاری کر دیئے ہیں اور ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر غیر اعلانیہ لوڈ شیدنگ کے خاتمے کا دعویٰ بھی کردیا گیا۔ ترجمان وزارت پانی و بجلی کے مطابق ملک میں بجلی کی پیداوار میں بہتری آنا شروع ہو گئی جو 11 ہزار میگاواٹ سے زیادہ ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ ملک میں بجلی کا شارٹ فال 4ہزار میگاواٹ ہے۔ ان کا کہنا تھا بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیدنگ بند کر دی گئی ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ وزارت پانی و بجلی کی طرف سے جلد مزید 4 ارب روپے جاری ہونے کا امکان ہے۔ ایک سوال پر ترجمان نے بتایا کہ وزارت پانی و بجلی نے وزارت خزانہ کو لکھا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ انتہائی کم سطح پر لانے کیلئے 22ارب روپے تک کی رقم جاری کرے۔