11 مئی ، 2012
کراچی … سرکاری کوٹے کے تحت حج کیلئے مزید درخواستوں کی وصولی 10 مئی سے بند کر دی گئی جبکہ ٹورآپریٹرز کا دعویٰ ہے کہ 90 ہزار کے کوٹے میں سے اب بھی 10 ہزار درخواستیں نہیں بھیجی گئیں، کوٹہ پورا ہونے سے پہلے حج درخواستوں کی وصولی بند کی گئی۔ ٹور آپریٹرز کے دعوے کے برخلاف وزارت مذہبی امور نے ایک دن قبل درخواستیں بند کرنے کی وجہ کوٹہ مکمل ہونا بتایا ہے۔ ٹور آپریٹرز کے مطابق رواں سال سرکاری اسکیم کے تحت حج کوٹہ 90 ہزار عازمین حج کا رکھا گیا تھا۔ وزارت مذہبی امور نے 9 مئی کو ایک نوٹی فکیشن جاری کیا جس کے مطابق 10 مئی دوپہر 12 بجے سے مزید درخواستیں نہ لینے سے آگاہ کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں وصول شدہ درخواستوں کی تعداد کے بارے میں نہیں بتایا گیا تھا، تاہم ٹور آپریٹرز کا کہنا ہے کہ اب تک 80 ہزار درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں۔