پاکستان
08 جون ، 2015

نوشہرہ میں انتخابی بے ضابطگیوں اور بد عنوانیوں کا نوٹس

نوشہرہ میں انتخابی بے ضابطگیوں اور بد عنوانیوں کا نوٹس

نوشہرہ .......الیکشن کمیشن نے خیبر پختوخوا بلدیاتی انتخابات میں نوشہرہ میں انتخابی بے ضابطگیوں اور بد عنوانیوں کا نوٹس لیتےہوئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ،ریٹرننگ افسر، ڈی پی او سمیت متعلقہ افرادکو 9 جون کو طلب کرلیا ہے۔ کمیشن نےتحریک انصاف کےرکن قومی اسمبلی رائے حسن نواز کی رکنیت بھی بحال کر دی ہے۔ الیکشن کمیشن نےخیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں نوشہرہ کےوارڈ مانکی شریف میں انتخابی بے ضابطگیوں اور بد عنوانیوں کے خلاف ڈسٹرکٹ کونسل کے امیدوار جواد خٹک کی درخواست کا نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ، ریٹرننگ افسر نوشہرہ، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ڈسٹرکٹ پولیس افسر اور امیدوار لیاقت خٹک کوذاتی حیثیت میں 9جون کو طلب کیا ہے۔ کمیشن نے نوشہرہ کے وارڈ مانکی شریف کے انتخابی نتائج بھی روک لیے ہیں۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی رائے حسن نواز کی رکنیت کی بحالی کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ حلقہ این اے 162 سے رائے حسن نواز کو گزشتہ ماہ الیکشن ٹربیونل نے اثاثہ جات کی غلط تفصیلات فراہم کرنے پر نا اہل قرار دیا تھا تاہم سپریم کورٹ کے تین جون کے فیصلے کی روشنی میں الیکشن کمیشن نے رائے حسن نواز کی بحال کر دیا ہے اور28 مئی کو این اے 162 کے ضمنی انتخاب کا جاری شیڈول بھی واپس لے لیا ہے۔

مزید خبریں :