09 جون ، 2015
اسلام آباد...... پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عام انتخابات میں اپنی شکست کو کھلے دل سے تسلیم کرتے ہیں، صوبہ خیبرپختونخوا میں دوبارہ بلدیاتی انتخابات کرانے کے لئے تیار ہیں۔ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت ہر ایک پاکستانی دھاندلی کو برادشت کرنے کے لئے تیار نہیں ہے، صوبہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات دوبارہ کرانے کے لئے تیار ہیں لیکن صوبہ میں دوبارہ بلدیاتی انتخابات بائیو میٹرک سسٹم یا الیکٹرانک ووٹنگ کے ذریعے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ گلگت بلتستان کے جنرل انتخابات میں پی ٹی آئی اپنی شکست کو کھلے دل سے تسلیم کرتی ہے، پاکستان تحریک انصاف نے پہلی مرتبہ گلگت بلتستان کے عام انتخابات میں حصہ لیا اس کے باوجود دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا کی حکومت بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس بلائی ہے ،اس کانفرنس میں تمام سیاسی جماعتیں دوبارہ انتخابات کرانے کے لئے سفارشات دیتی ہیں تو ہم دوبارہ انتخابات کرانے کے لئے تیار ہیں۔