Time 14 مئی ، 2025
پاکستان

مسئلہ کشمیر حل کرنےکیلئے امریکا اور عالمی برادری کو کردار ادا کرنا ہوگا: پاکستانی سفیر

مسئلہ کشمیر حل کرنےکیلئے  امریکا اور عالمی برادری کو کردار ادا کرنا ہوگا: پاکستانی سفیر
فوٹو: فائل

واشنگٹن: امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی نازک ہے، امریکی مداخلت سے پاک بھارت کشیدگی کم ہوئی۔

انہوں نے یہ بات نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے وفد سے سفارتخانے میں ملاقات کے موقع پر کہی۔

سینیئر سویلین اور فوجی افسران پر مشتمل وفد کے ساتھ امریکا کے نیئر ایسٹ ساؤتھ ایشیا سینٹر فار اسٹریٹیجک اسٹڈیز کے سینیئر افسران بھی موجود تھے۔ 

پاک بھارت کشیدگی دور کرنے کیلئے رضوان سعید شیخ نے امریکی مداخلت کو سراہا اور کہا کہ موجودہ جنگ بندی نازک ہے ۔جموں و کشمیر کے بنیادی مسائل کو حل کرنے کے لیے، امریکا سمیت، عالمی برادری کو مسلسل کردار ادا کرنا ہوگا۔ 

انہوں نے بھارت پر واضح کیا کہ سندھ طاس معاہدے پر یکطرفہ اقدامات علاقائی استحکام کیلئے خطرہ ہوں گے۔

اس کے علاوہ ٹرمپ انتظامیہ سے تعلق کے بار ےمیں سفیر پاکستان نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات کا نیا دور مضبوط اقتصادی تعلقات سے عبارت ہے۔ 

اس سے قبل گزشتہ دنوں امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا تھا کہ امریکی صدر ٹرمپ مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے اقدام کریں کیونکہ یہ دونوں ملکوں کے درمیان نیو کلیئر فلیش پوائنٹ ہے۔


مزید خبریں :