13 جون ، 2015
بارسلونا........شفقت علی رضا........اسپین کی شہزادی کو شاہی لقب سے محروم کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسپین کے موجودہ بادشاہ فلپ اے ششم نے اپنی بہن شہزادی کرسٹینا سے ان کا شاہی لقب ’ڈوئچے آف پالما مایورکا‘ واپس لے لیا ہے، یہ اقدام شہزادی کرسٹینا پر دھوکہ دہی کا الزام لگنے کے بعد کیا گیا۔ 49سالہ شہزادی کرسٹینا اپنے شوہر ’اناکی ارداگارن‘ کے ساتھ دھوکہ دہی کے مقدمے میں شامل تفتیش ہیں، جنہیں منی لانڈرنگ، غبن اور دھوکہ دہی جیسے الزامات کا سامنا ہے۔ اس مقدمے کی وجہ سے شہزادی کے شوہر اناکی ارداگارن پہلے ہی اپنا شاہی لقب ’ڈیوک‘ کھو چکے ہیں۔ عدالت کی طرف سے اس شاہی جوڑے کے مقدمے کی سماعت رواں سال کے آخر میں شروع ہونے کا امکان ہے۔ شہزادی کرسٹینا کے وکیل ’میکائیل روکا‘ کے مطابق شہزادی نے خط کے ذریعے بادشاہ سے اپنا لقب واپس لینے کی اپیل کی تھی، جبکہ شاہی محل کے ذرائع کے مطابق موجودہ بادشاہ اور شہزادی کے بھائی خط ملنے سے پہلے ہی اپنی بہن کا شاہی لقب واپس لینے کا فیصلہ کر چکے تھے اور اس فیصلے کے متعلق شہزادی کو بادشاہ نے فون کر کے آگاہ کر دیا تھا۔ شہزادی کرسٹینا کو ان کا شاہی لقب 1997میں ان کی شادی کے وقت شوہر کا نام ساتھ لگا کر نوازا گیا تھا۔ تخت کے دعویداروں میں شامل جانشینوں میں شہزادی چھٹے نمبر پر ہے، جبکہ شہزادی کو سنگین الزامات کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے ان پر زور دیا گیا کہ وہ مقدمات کی سماعت شروع ہونے سے پہلے اپنے شاہی عہدہ اور تخت کے حق سے دستبردار ہو جائیں۔ جوڑے کو 2011سے ہر قسم کی شاہی سرگرمیوں سے دور رکھا جا رہا ہے، تاکہ شاہی خاندان پر کوئی حرف نہ آئے۔ 1975میں اسپین کی شاہی سلطنت کی بحالی کے بعد شہزادی کرسٹینا اس خاندان کی پہلی فرد ہیں، جن پر عدالت میں مقدمہ چلانے کا حکم دیا گیا ہے، الزامات ثابت ہونے کی صورت میں شہزادی کرسٹینا کو 4سال قید، جبکہ ان کے شوہر اور سابق اولمپئین گولڈ میڈلسٹ ہینڈ بال کو 19سال تک کی جیل ہو سکتی ہے۔ شہزادی کے شوہر پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے شاہی رتبے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے، اپنے کاروبار کے ذریعے 6ملین یورو کا غبن کیا ہے، اس مقدمے میں مزید 15افراد کے ملوث ہونے کا امکان بھی ہے۔ یہ مقدمہ ان متنازع واقعات میں سے ایک ہے، جس کی وجہ سے اسپین کے موجودہ بادشاہ فلپ اے ششم کے والد اور سابق بادشاہ اسپین ’خوان کارلوس‘ کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی۔ موجودہ بادشاہ نے اپنی بہن سے شاہی لقب واپس لے کر اس اعلان کی لاج رکھی ہے، جس میں انہوں نے گذشتہ سال تخت سنبھالتے ہی عوام کا بھروسہ جیتنے اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لئے ہر ممکن اقدام کا پختہ ارادہ کیا تھا۔