پاکستان
14 جون ، 2015

وزیراعظم کا بیان زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے،رابطہ کمیٹی

وزیراعظم کا بیان زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے،رابطہ کمیٹی

کراچی.......متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن عارف خان ایڈوکیٹ نے وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے اہل کراچی کو مکھی سے تشبیہ دینے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کراچی کے شہریوں کو مکھی کہہ کر کراچی میں ماؤرائے عدالت قتل ہونے ایم کیو ایم کے بے گناہ کارکنان اور شہریوں کی شہادت کی توہین کی ہے جس پر انہیں کراچی کے شہریوں سے معافی مانگنی چاہئے ، نوازشریف کراچی کو شہد کا چھتا سمجھتے ہیں اور گزشتہ کئی دہائیوں سے چھتے میں دھواں بھر کر شہد نچوڑ کر لے جاتے ہیں، ملک میں اس وقت جمہوری حکومت نہیں بلکہ جاگیرداروں، سرمایہ داروں اور وڈیروں کی حکومت ہے جو پاکستان کے غریب عوام کے خون پسینہ کی کمائی سے اپنی جیبیں بھر رہی ہے اور بیرون ملک اپنے کاروبار اور بینک بیلنس میں اضافہ کررہے ہے ۔وہ وقت عنقریب آنے والا ہے جب عوام اپنے خون پسینے کی کمائی کے ایک ایک پیسے کا حساب لیں گے اور ظالموں کو عبرت کا نشان بنادیں گے ۔انہوں نے کہا کہ وفاق اور سندھ کے بجٹ میں کراچی کو یکسر انداز کیا گیا ہے اور دونوں بجٹ میں کراچی کے کسی بھی میگا پروجیکٹ کیلئے کوئی خاطر خواہ رقم نہیں رکھی گئی ، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وفاق اور سندھ حکومت کراچی کے عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیساسلوک ر روا رکھے ہوئے ہیں۔ کراچی کے شہریوں کو ہڑتال کرنے کا کوئی شوق نہیں جب ان کی آواز نقار خانہ میں طوطی کی آواز بن جائے گی تو انہیں اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے مجبور ًا انتہائی اقدام کا سہارا لینا پڑتا ہے ۔ہونا تو یہ چاہئے کہ وزیراعظم بے گناہوں پر ہونے والے ظلم کا نوٹس لیتے مگرانہوں نے تو کراچی کے شہریوں کومکھی سے تشبیہ دیکر کراچی اورایم کیو ایم کے شہداء اور عوام کی تذلیل کی جس پر ہم صرف افسوس کااظہار کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا بیان کراچی کے معصوم و بے گناہ افراد کے لواحقین کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے ۔انھوں نے وزیراعظم سے سوال کیا کہ کیا آپ کی نظر میں کراچی کے معصوم شہریوں کی کوئی حیثیت ہے یا نہیں ؟۔دریں اثنا متحدہ قومی موومنٹ شعبہ(PWD) Person With Disabilityکے زیر اہتمام خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں ایڈوائزر پی ڈبلیو ڈی ونگ نور الدین بھامانی عرف منا بھائی مرحوم کی یاد میں تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا،جس میں نورالدین بھامانی عرف منا بھا ئی کی تنظیمی خدمات پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔اس موقع پر رکن رابطہ کمیٹی حیدر عباس رضوی ،سی ای سی رکن احمد سلیم صدیقی ، مرحوم کی اہلیہ شمیرا بھامانی ،صاحبزادی شہنیلا بھامانی ، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سمیت پی ڈبلیو ڈی ونگ کے ذمہ داران و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تعزیتی اجلاس سے حیدر عباس رضوی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نورالدین بھامانی زندہ دل،خوش مزاج،کبھی نہ ہمت ہارنے والے،دوسروں کی مدد کرنے والے اورانتہائی مشکل زندگی کے گزارنے کے باوجود زندہ دل انسان تھے،ان جیسے چند لوگ اگر پاکستان میں آجائیں تو ہر سطح پر انقلاب برپہ کرسکتے ہیں،یہ لوگ معذور ہونے کے باوجود ہمت اور حوصلے کاپیکر ہیں،انہیں اپنے ساتھ دن رات تحریکی کام کرتے دیکھ کر ہمارے حوصلے اور بلند ہوجاتے ہیں۔

مزید خبریں :