15 جون ، 2015
اسلام آباد......تحریک انصاف کے بنائے گئے الیکشن ٹریبونل کے فیصلےکے مطابق جہانگیر ترین، پرویز خٹک اور علیم خان پی ٹی آئی کے کسی بھی عہدے کے لیےنا اہل قراردے دیئے گئے۔ دوسری جانب پارٹی ترجمان نعیم الحق کا کہنا ہے کہ عمران خان دو ماہ پہلے الیکشن ٹریبونل تحلیل کرچکے ہیں،ٹریبونل کے احکامات کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن ٹریبونل کی رپورٹ کے مطابق تینوں شخصیات پارٹی الیکشن میں الیکٹورل فراڈ میں قصور وار پائے گئے،جہانگیر ترین ،پرویزخٹک انٹرا پارٹی الیکشن میں جبکہ پارٹی عہدیدار علیم خان بھی انتخابی بے قاعدگیوں میں ملوث رہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نادر اکمل لغاری اورجہانگیر ترین نے انصاف کے راستے میں مداخلت کی ،انہوں نے شوکاز کے جواب نہیں دیے،جبکہ پارٹی الیکشن ٹریبونل کادوبارہ الیکشن کرانے کافیصلہ بھی نہیں مانا۔ رپورٹ کے مطابق تینوں شخصیا ت سے پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت بھی واپس لے لی گئی اور ان تینوں شخصیات کو قومی یا صوبائی اسمبلی کی حاصل پوزیشن بھی چھوڑنی ہوگی۔ا س حوالے سے اے این پی کے سینیٹر زاہد خان نے کہا ہے کہ عمران خان کو اپنی پارٹی کے الیکشن ٹربیونل پر اعتماد نہیں، وہ قومی اداروں پر کیا اعتماد کریں گے، جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین کے ٹربیونل نے پی ٹی آئی کا بھانڈا پھوڑ دیاہے۔