22 جون ، 2015
لندن......متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے پاک فوج اور رینجرز کی جانب سے شدیدگرمی سے متاثرہ شہریوں کوطبی امداد فراہم کرنے کیلئے کراچی اوراندرون سندھ میں ’’ ہیٹ اسٹروک سینٹر ‘‘ قائم کرنے کاخیرمقدم کیاہے ۔اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہاکہ میں نے کل ہی اپنے بیان میں شدیدگرمی اورلوڈشیڈنگ سے پیداہونے والی صورتحال پرقابوپانے اورشہریوں کی امداد کیلئے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف سے عملی اقدامات کرنے کی اپیل کی تھی، مجھے خوشی ہے کہ پاک فوج کی قیادت نے اس پر فوری نوٹس لیااور آج پاک فوج اوررینجرزکی جانب سے شدیدگرمی سے متاثرہ افرادکوطبی امداد فراہم کرنے کیلئے کراچی اور اندرون سندھ میں ’’ ہیٹ اسٹروک سینٹرز‘‘قائم کئے گئے ہیں جوکہ ایک مثبت اورخوش آئندقدم ہے۔دریں اثنا الطاف حسین نے معروف عالم دین علامہ شہنشاہ حسین نقوی کی اہلیہ لبنیٰ نقوی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے مرحومہ کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا کرے ۔ (آمین)۔علاوہ ازیں رابطہ کمیٹی نے سابق حق پرست صوبائی وزیر الطاف کاظمی کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ایک تعزیتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے الطاف کاظمی سمیت مرحومہ کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلندکرکے انہیں اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اورسوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔