25 جون ، 2015
کولمبو.......کولمبو میں کھیلے جانے والے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس وقت محمد حفیظ اور اظہر علی کریز پر موجود ہیں اور پاکستان نے اب سے کچھ دیر قبل تک ایک وکٹ کے نقصان پر 24 رنز بنا لیے تھے۔پاکستان کو اننگز کے آغاز میں ہی اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب احمد شہزاد پرساد کی گیند پر سلپ میں کمارا سنگاکارا کو کیچ دے بیٹھے۔اس میچ کے لیے پاکستان نے ہی وہی ٹیم میدان میں اتاری ہے جس نے گال میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ جیتا تھا جبکہ سری لنکن ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔سری لنکا کے لیے تھرندو کوشل اور چمیرا، پردیپ اور پریرا کی جگہ یہ میچ کھیل رہے ہیں۔ٹاس جیتنے کے بعد پاکستانی کپتان مصباح الحق نے کہا کہ انھوں نے وکٹ دیکھ کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔یہ ٹیسٹ میچ پاکستانی بلے باز یونس خان کے لیے بھی خاص ہے کیونکہ یہ ان کا 100واں ٹیسٹ ہےجبکہ سری لنکا کے تجربہ کار بلے باز کمار سنگاکارا کا یہ پاکستان کے خلاف آخری ٹیسٹ ہے۔تین میچوں کی اس ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔