26 جون ، 2015
کولمبو......کولمبو ٹیسٹ کے دوسرے روز سری لنکا کی بیٹنگ جاری ہے،میزبان ٹیم نے آج 70رنز ایک کھلاڑی آئوٹ پر اپنی نامکمل اننگزکا آغاز کیا۔کوشل سلوا نے 21اور سنگاکارا نے 18رنز سے اننگز شروع کی۔کولمبو میں کھیلے جارہے ٹیسٹ کے پہلے روز سری لنکا کے بولروں نے گال ٹیسٹ میں اپنی ٹیم کی شکست کا بدلہ چکانے کے لئے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن عمدہ پرفارمنس سے پاکستان کو مشکلات سے دوچار کردیا تھا،تھارندو کوشل نے گیندیں گھما کر حریف بیٹسمینوں کے اعصاب شل کردئیے۔ بیٹسمین جلد بازی کا شکار ہوئے جس کے نتیجے میں بیٹنگ لائن سوکھے پتوں کی طرح صرف 43ویں اوورز میں 138رنز پر ہی بکھر گئی۔ جواب میں سری لنکا نے کھیل ختم ہونے پر ایک وکٹ کھو کر 70 رنز بنالیے تھے۔ مصباح الحق نے اس خیال سے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا کہ میچ کے آخری دنوں میں وکٹ سے یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر فائدہ اٹھائیں گے لیکن وہ یہ بھول گئے کہ بولرز کو حوصلہ دینے کے لیے بیٹسمینوں کو رنز کرنے ہوتے ہیں۔ یونس خان اپنے سویں ٹیسٹ کی پہلی اننگز کو یاد گار نہیں بناسکے اور چھ رنز پر آئوٹ ہوگئے۔ محمد حفیظ42، اظہر علی26، سرفراز احمد14اور یاسر شاہ15رنز کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین دوہرے ہندسے کو نہ چھوسکا ۔ پاکستانی ٹیم کسی تبدیلی کے بغیر میدان میں اتری ۔ دھمیکا پرساد نے پہلی تین وکٹیں حاصل کرکے دھماکا کیا جس کے بعد اپنا دوسرا ہی ٹیسٹ کھیلنے والے آف اسپنر تھارندو کوشل نے پانچ وکٹیں لے کر گرین کیپس کو اڑا کر رکھ دیا۔دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک۔صفر کی برتری حاصل ہے۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 10وکٹوں سے شکست دی تھی۔