کھیل
28 جون ، 2015

پاکستان329 پر آئوٹ،اظہر کی سنچری،سری لنکا کو 153رنزکا ہدف

پاکستان329 پر آئوٹ،اظہر کی سنچری،سری لنکا کو 153رنزکا ہدف

کولمبو......کولمبو ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان ٹیم دوسری اننگز میں 329رنزبناکر آئوٹ ہوگئی، یوں سری لنکا کو میچ جیتنے کیلئے 153رنز کا ہدف ملا ہے۔اظہرعلی نے 117رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔پاکستان نے گذشتہ روز کے اسکور 171رنز 2کھلاڑیوں آئوٹ پر اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا،اظہر علی اور یونس خان نے بالترتیب 64اور23رنز کے ساتھ اپنی باری کو آگے بڑھایا،یونس خان 40رنزبناکر میتھیوز کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ دے بیٹھے۔دونوںبیٹسمینوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 73رنز بنائے۔ مصباح الحق 22رنز بناکر پرساد کا شکار بنے۔اسد شفیق بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 27رنز بناکر پویلین کی راہ لی۔سرفراز احمد سے آج پھر لمبی اننگز کی اتوقع تھی لیکن وہ بھی صرف 16رنز بناکر آئوٹ ہوگئے،یاسر شاہ بغیر کھاتہ کھولے آئوٹ ہوئے۔ 117رنز کی اننگز کھیل کر اظہر علی نے بھی ہمت ہار دی اور ہیراتھ کی گیند پر اسٹمپ آئوٹ ہوگئے۔ٹیسٹ کرکٹ میں یہ ان کی نو ویں سنچری ہے۔وہاب ریاض نے6رنز بنائے، جنید خان3رنزبناسکے، ذوالفقار بابر 7رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔سری لنکا کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 315رنز بنائے تھے اور پاکستان کے خلاف 177رنزکی برتری حاصل کرلی تھی۔تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں پاکستان کو ایک ۔صفر کی برتری حاصل ہے، پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو 10وکٹوں سے شکست دی تھی۔

مزید خبریں :