29 جون ، 2015
کراچی.........رفیق مانگٹ.........سربیا کی وزارت دفاع نے پاکستان آرمی کو 282ٹی 55ٹینکوں کی فروخت کے معاہدے اتفاق ہوگیا ہے۔ نیوز سائیٹ InSerbia Newsنے سربیین اخبار’’Blic‘‘ کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ معاہدے پر اتفاق بلغراد میں اسلحے کی نمائش کے موقع پر ہوا۔ خریداری کا معاہدہ کروڑوں ڈالر مالیت کا ہے، جس پر آئندہ ہفتے دستخط کیے جائیں گے۔ اخبار کو آرمی ذرائع نے بتایا کہ سربیین فوج کے لئے یہ معاہدہ انتہائی اہم ہے۔ ٹینکس اپ گریڈ کرکے پاکستان کو فروخت کیے جائیں گے۔ ان ٹینکوں کی جدید حالت میں تیاری سے ان کی قیمت کئی گنا بڑھ جائے گی۔ معاہدے کی مالیت دسیوں ملین ڈالر ہونے کی وجہ سے اسے انتہائی رازادری میں رکھا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ معاہدے پر اصولی اتفاق پاکستان کے وزیر برائے دفاعی صنعت کے ساتھ ہوگیا۔ پاکستان کے ساتھ ٹینکوں کے معاہدے کی اخبار کو بالواسطہ طور پر وزارت دفاع میں دفاعی ٹیکنالوجی کے چیف میجر جنرل بوجان زرنک نے تصدیق کی ہے۔ جنرل کا کہنا تھا کہ یہ ریٹائرڈ اور متروک فوجی سامان کے ہتھیاروں میں سے 282ٹینکوں کی فروخت کے لیے اصولی طور پر ایک معاہدہ تھا، لیکن انہوں نے کہا کہ میں اس پر بات نہیں کرنا چاہتا کہ کس ملک کے ساتھ یہ معاہدہ کیا گیا۔ یہ مناسب نہیں ہوگا کیونکہ معاہدے پر ابھی دستخط نہیں کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیشکش سربیا کی فوج کے لئے انتہائی سازگار ہے۔ ٹینکوں کو موجودہ حالت میں فروخت نہیں کیا جائے گا، سب سے پہلے انہیں جدید بنایا جائے گا۔ یہ کام ہماری دفاعی صنعت کے سپرد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سودے سے حاصل کی گئی رقم ہتھیار کے لئے بجٹ میں جائے گی۔