پاکستان
29 جون ، 2015

کراچی :پروفیسر انوار احمد زئی نے چیئرمین میٹرک بورڈ کا عہدہ سنبھال لیا

کراچی :پروفیسر انوار احمد زئی نے چیئرمین میٹرک بورڈ کا عہدہ سنبھال لیا

کراچی....... پروفیسر انوار احمد زئی نے ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین کے حیثیت سے چارج سنبھال لیا۔ اس موقع پر سیکریٹری میٹرک بورڈ مسز حور مظہر، ناظم امتحانات نعمان احسن، بورڈ کے افسران، آفیسر ایسوسی ایشنز اور ایپکا میٹرک بورڈ یونٹ نے چیئرمین بورڈ کا پُرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین میٹرک بورڈ پروفیسر انوار احمد زئی نے کہاکہ ہم ایک مشاورتی فضا قائم کرنے جارہے ہیں جس کی روشنی میں مختلف انتظامی اور تعلیمی فیصلے کئے جائیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ میر ی اولین ترجیح میٹرک بورڈ میں انقلابی تبدیلیوں کے ذریعے شفافیت اور میرٹ کا قیام ہے۔اُنہوں نے کہا کہ امتحانی نتائج کے شفاف اور بروقت اجراء کو یقینی بنایا جائے گا اور تعلیمی اداروں کے رجسٹریشن کے عمل پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور جو گیپ ہے اُسے ختم ہونا چاہیے تاکہ طلباء کو اپنی تعلیم کو جاری رکھنے میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے،امتحانات کے لئے ایسے مراکز کو منتخب کیا جائے گا جہاں طلباء کو بنیادی سہولتیں آسانی سے مل سکیں تاکہ وہ اپنے امتحان پر توجہ مرکوز کرسکیں۔ اُنہوں نے ملازمین پر زور دیا ہے کہ وہ وقت کی پابندی کو اپنا شعار بنائیں۔اُنہوں نے بتایا کہ ملازمین کی بروقت ترقیاں اور مراعات میں اضافے کو یقینی بنایا جائے گا اور امتحانی کاموں پر مامور اساتذہ اور عملے کے مشاہرہ میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ اُنہوں نے بورڈ کے افسران سے کہا کہ وہ محنت اور ایمانداری سے اپنے فرائض انجا م دیںہم محنتی اور ایماندار افسران کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کریں گے،افسران اپنے ماتحت عملے کو ہدایات جاری کریں کہ وہ بورڈ میں آنے والے اساتذہ، والدین و طلبہ و طالبات کے مسائل خندہ پیشانی سے حل کریں۔ چیئرمین میٹرک بورڈ نے مزید کہا کہ امتحانات کے انعقاد کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا جائے گا، تاکہ طلباء میں چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اُجاگر کیا جا سکے۔ اس موقع پر سیکریٹری میٹرک بورڈ مسز حور مظہر نے کہا کہ بورڈ میں پچھلے چند سالوں سے ادارے کے نظام کو صاف شفاف بنانے کے لئے بہت سارے اقدامات کئے گئے ہیں جن میں آئی ٹی سسٹم کی اپ گریڈیشن شامل ہے اب ہم مودجودہ چیئرمین کی سربراہی میں مزید بہتری لانے اور سسٹم کو مضبوط کرنے کی کوشش کریں گے۔ناظم امتحانات نعمان احسن نے کہا کہ پروفیسر انوار احمد زئی کی ماہرانہ صلاحیتوں سے مستفید ہوکر بورڈ کو مزید ترقی دیں گے۔ اس موقع پر بورڈ کے افسران ،ملازمین ، آفیسر ز ایسوسی ایشنز اور ایپکا میٹرک بورڈ یونٹ کے عہدیداران کثیر تعداد میں موجود تھے جنہوں نے چیئرمین میٹرک بورڈ کو گلدستے پیش کئے۔ دریں اثناء سرکاری اورنجی اسکولوںکے اساتذہ ، سربراہان اور ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں اور نمائندوں کے علاوہ صحافیوں نے بھی پروفیسر انوار احمد زئی کو چیئرمین میٹرک بورڈ بننے پر مبارکباد دی اور اپنے تعاون کا یقین دلایا۔

مزید خبریں :