کاروبار
30 جون ، 2015

اماراتی کمپنی یاہ سیٹ نے پاکستان میں براڈ بینڈ انٹر نیٹ سروس کا آغاز کردیا

اماراتی کمپنی یاہ سیٹ نے پاکستان میں براڈ بینڈ انٹر نیٹ سروس کا آغاز کردیا

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) متحدہ عرب امارات کی بڑی انٹر نیٹ براڈ بینڈ سروس فراہم کرنے والی کمپنی نے پیر کے روز وفاقی دارالحکومت میں ایک پروقار تقریب میں پاکستان میں ’یاہ کلک‘ کے نام سے انٹر نیٹ براڈ بینڈ سروس کا آ غاز کردیا۔ سروس کے آغاز کا اعلان یاہ سیٹ کے چیف کمرشل آفیسر ڈیوڈ مرفی ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر نجت خالد عبدالرحمٰن اور ریجنل ڈائریکٹر ساجد شبیرنے ایک پریس کانفرنس کے موقع پر کیا تھا۔  چیئرمین پی ٹی آے ڈاکٹر اسماعیل شاہ نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔ اس موقع پر بات کرتےہوئے سی ای او یاہ سیٹ محمود ایم شریف نے پی ٹی اے سمیت حکومت پاکستان کے ان متعلقہ اداروں سے سے اظہار تشکر کیا ، جنہوں نے اس سروس کے آغاز میں اپنا کردار ادا کیا۔ انہو ں نے پاکستانی صارفین کو اعلیٰ معیار کی تیز رفتار براڈ بینڈ انٹر نیٹ سروس کی فراہمی کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔  اس موقع پر ڈیوڈ مرفی نے تقریب کے شرکاء کو بتایاکہ ’ یاہ کلک‘ براڈ بینڈ انٹر سروس پورے پاکستان میں ایک چھوٹے سیٹلائٹ ڈش اور موڈیم کے ذریعے دستیاب ہوگی ،  اور ایسے افراد کو اس کا سب سے زیادہ فائدہ ہوگا جنہیں ٹیرسٹریکل انفرااسٹرکچر کے باعث انٹر نیٹ سروس تک رسائی حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ ’یاہ کلک‘ عوام کو معلومات تک رسائی اور پاکستان کے انتہائی پسماندہ اور ایسے علاقوں میں انٹر نیٹ کی فراہمی کی آپریشنل لاگت میں کمی کرکے ملکی شرح نمواور سماجی ترقی میں اضافے کا باعث بنے گی ۔  نجت خالد کا کہنا تھاکہ ’ یاہ کلک‘  کو افریقی مارکیٹ میں سبقت حاصل ہے اور مشرق وسطیٰ سمیت ایشیا کے مختلف حصوں میں اس کے صارفین بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ’یاہ کلک‘  نے تعلیمی اور انسانی فلاح و بہبود کے کاموں میں بہت بڑا کردار ادا کیا ہے اور ’یاہ کلک‘ کی وسیع سروسز سے این جی اوز کو بھی فائدہ پہنچا ہے۔  انہوں نے بتایاکہ یاہ سیٹ پاکستان میں ایک مستحکم پروگرا م کا شراکت دار ہے ، جوکہ سیلز اور سیلز سپورٹ سمیت مختلف شعبوں میں اپنی خدمات فراہم کرے گا۔ انہوں نے بتایاکہ یاہ سیٹ پاکستان میں اپنے ریزیڈینٹ منیجر کے ذریعے اپنے مختلف اسٹیک ہولڈرز اور ممکنہ استعمال کنندگان کے ساتھ رابطے میں رہتا ہے۔  ساجد شبیر نے اس موقع پر ’یاہ کلک‘ کا جائزہ پیش کیا، جس میں اس کے دیگر ممالک میں حیران کن نیٹ ورک، سروسزاور پاکستانیوں کیلئے پیش کیے جانیوالے ڈیٹا پیکجز کے نرخ شامل تھے۔  یاہ سیٹ دو سیٹلائٹس کے فلیٹس کے ذریعے اپنے آپریشنرسرانجام دیتی ہے اوراس میں آئندہ برس تیسری سیٹلائٹ کا بھی اضافہ کر لیا جائیگا۔  یاہ سیٹ دو سیٹلائٹس کے ذریعے 1 ارب سے زائد افراد کو ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ انٹرنیٹ سروس فراہم کرتی ہے ۔ یاہ سیٹ میں تیسری سیٹلائٹ کی شمولیت سے یہ ادارہ مزید 17ممالک کے 60کروڑ استعمال کنندگان تک اپنی سروسز پہنچا سکے گا۔  یاہ سیٹ ، ایس ایم ایز، ایس او ایچ او، صحت عامہ کے شعبے، تعلیمی اداروں، کمپنیوں، تیز رفتار انٹرنیٹ استعمال کرنے والے افراد، ریموٹ وی آئی پی سائٹس، او اینڈ جی، این جی اوز، اور متاثرہ علاقوں کے عوام کو انٹر نیٹ کی سروس فراہم کرتا ہے۔

مزید خبریں :