پاکستان
08 جولائی ، 2015

چوہدری نثاررینجرزکی زیادتیوں کاازالہ کر یں،مصطفیٰ عزیزآبادی

لندن......متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن مصطفیٰ عزیزآبادی نے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارکی پریس کانفرنس پرتبصرہ کرتے ہوئے ان سے سوال کیاہے کہ چوہدری نثاربتائیں کہ پاکستان کے کس آئین اورکس قانون میں لکھاہے کہ کسی رجسٹرڈ فلاحی ادارے کیلئے زکوٰۃ فطرے کے عطیات جمع کرنے والے کارکنوںکوگرفتارکیاجائے ؟ اس کی فلاحی سرگرمیوں کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی جائیں؟کس قانون میںہے کہ ملک کی تیسری بڑی سیاسی جماعت ایم کیوایم کے یونٹ اورسیکٹرانچارجزکوبغیرکسی مقدمہ کے محض سیاسی وابستگی کی بنیادپرگرفتارکیا جائے ؟کیارینجرزکی جانب سے ایم کیوایم کے یونٹ اورسیکٹرانچارجزکوگرفتارکرنے کا اعلان اوراندھادھندگرفتاریوں کا عمل آئینی اورقانونی ہے؟کیایہ اس بات کاثبوت نہیں کہ رینجرزآئین وقانون کی کھلی خلاف ورزیاں ہی نہیں کررہی ہے بلکہ آئین وقانون کی دھجیاں بکھیررہی ہے اورایک طے شدہ منصوبہ کے تحت ایم کیوایم کونشانہ بنارہی ہے؟ ٹارگٹڈ آپریشن کے نام پر کراچی کے معصوم وبے گناہ افراد کی گرفتاریاں ،انہیں غائب کردینا اورگرفتاریوں کے بعد دوران حراست انسانیت سوز تشددکانشانہ بنانا اورماورائے عدالت قتل کے سفاکانہ اقدامات کیا آئین وقانون کے مطابق ہیں؟مصطفیٰ عزیزآبادی نے کہاکہ ان مظالم اورچھاپوںکے دوران عوام ،بالخصوص خواتین اور بزرگوں کے ساتھ بہیمانہ سلوک اور دیگر زیادتیوں کی وجہ سے کراچی کے عوام کے دل پہلے ہی بہت زخمی ہیں، چوہدری نثار ان زیادتیوں کاازالہ کرنے کے بجائے اس طرح کی باتیں کرکے عوام کے زخموں پرنمک پاشی نہ کریں۔ دریں اثنا رکن رابطہ کمیٹی قاسم علی رضا نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف ،سندھ اور کراچی کے عوام کی کھلی دشمن ہے ۔ سندھ اسمبلی میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے حوالہ سے پی ٹی آئی کے ارکان کی جانب سے قرارداد جمع کرانے پر تبصرہ کرتے ہوئے انھوں نےکہاکہ پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم سندھ کی سب سے بڑی منتخب عوامی جماعتیں ہیں جوعوامی خواہشات اور امنگوں کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کریں گی کہ سندھ کے عوام کوصوبے میں رینجرز کی ضرورت ہے یا نہیں ،رینجرز کی جانب سے کراچی کے بے گناہ نوجوانوں کو جھوٹے الزامات میں گرفتارکیاجارہا ہے، انہیں جنگی قیدیوں کی طرح عدالت میں پیش کیاجارہا ہے ، حراست کے دوران ان پر انسانیت سوز تشدد کیاجارہا ہے اورایم کیوایم کی سیاسی وفلاحی سرگرمیوں پر غیراعلانیہ پابندی عائد کی جارہی ہے لیکن یہ ظالمانہ اور غیرقانونی عمل اسٹیبلشمنٹ کی ایجنٹ جماعت پی ٹی آئی کو دکھائی نہیں دیتے، اسٹیبلشمنٹ کے مفادات کا تحفظ کرنے والی پی ٹی آئی نے سندھ کے عوام کی خواہشات اورامنگوںکے برخلاف سندھ اسمبلی میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی قرارداد جمع کراکر ثابت کردیا ہے کہ وہ بھی کراچی میں رینجرزکے ظالمانہ عمل وکردارمیں برابر کی شریک ہے ۔

مزید خبریں :