10 جولائی ، 2015
کراچی.... رفیق مانگٹ...... چین پاکستان سمیت دیگر ممالک کو روسی ساختہ انجنوں والے لڑاکا طیارے J-10B برآمد کرے گا۔چینی اخبار”ایشیا ٹائمز“ کے مطابق چین مستقبل قریب میں پاکستان سمیت لاطینی امریکہ ، افریقہ اور دیگر ممکنہ خریدار ایشیائی ممالک کو روسی ساختہ AL31FN-S3 انجنوں والے لڑاکا طیارے J-10B برآمد کرے گا۔اخبار نے کینڈین دفاعی جریدے کے حوالے سے لکھا کہ چینگدو ائیر کرافٹ انڈسٹری گروپ نے گزشتہ سال لڑاکا طیاروں J-10B کی وسیع پیمانے پر پیداوار شروع کر دی ہے۔ جیٹ طیاروں میں سے 14 کو پییلز لیبریشن آرمی ایئر فورس کے نشان کے ساتھ پہلے ہی پینٹ کیا جاچکا ہے جب کہ دس طیارے آزمائشی پروازوں کے مراحل میں ہیں۔ جریدے کے مطابق چینی فضائیہ رواں سال کے اختتام سے قبل ایک لڑاکا رجمنٹ کی تشکیل کے لئے 24 لڑاکا طیاروںJ-10Bs کو کمیشن کرے گی۔جے ٹن فائیٹر کا یہ اپ گریڈ ورژن ہے جو ملکی سطح پر تیار کیا گیا۔روس جے ٹن بی کے لئے چین کو جدیدAL31FN انجن فروخت کرنے پر راضی ہوگیا ہے اور رواں برس انجنوں کی پہلی کھیپ چین کو دے دی جائے گی۔