پاکستان
10 جولائی ، 2015

وزیراعظم نوازشریف کی نریندرمودی سے ملاقات جاری

وزیراعظم نوازشریف کی نریندرمودی سے ملاقات جاری

اوفا، روس....... وزیراعظم نوازشریف کی بھارتی ہم منصب نریندرمودی سے ملاقات شروع ہوگئی ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کی سائیڈ لائنز پر ہونے والی دونوں رہنمائوںکی اس ملاقات سے بہت زیادہ امیدیں تو وابستہ نہیں کی جارہیں، تاہم امید کی ایک کرن ضرور ہے کہ شاید تلخیاں ہی کچھ کم ہو جائیں۔ وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کی یہ دوسری ملاقات ہوگی، اس سے قبل دونوں رہنما گزشتہ سال جولائی میں نئی دہلی میں تب ملے تھے، جب نریندر مودی کی تقریب حلف برداری ہوئی تھی۔ نئی دلی میں ملاقات کے بعد پاک بھارت مذاکراتی عمل تعطل کا شکار ہو گیا تھا اور بھارت نے 25اگست 2014کو اسلام آباد میں ہونے والے سیکریٹری خارجہ مذاکرات منسوخ کر دئیے تھے۔ اس کے بعد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ستمبر2014 میں نیو یارک میں ہونے والے اجلاس اور نومبر2014 میں کھٹمنڈو میں ہونے والی سارک سربراہ کانفرنس کے موقع پر بھی پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات نہیں ہو سکی تھی۔پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات تقریباً ایک سال سے کشیدہ چلے آرہے ہیں، جس کی وجہ تنازع ہے بھارت کی جانب سے ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں اور سرحدوں پر اشتعال انگیزیاں ہے۔ اس سے بھی بڑھ کر بھارتی خفیہ ایجنسی را کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی کو بڑھاوا دینا، جس پر نہ صرف پاکستان کی سیاسی بلکہ عسکری قیادت نے بھی سخت جواب دینے کا انتباہ کیا تھا۔

مزید خبریں :