14 مئی ، 2012
اسلام آباد … وزیراعظم کی زیرصدارت کابینہ کی دفاعی کمیٹی کا اجلاس کل (منگل کی) شام وزیراعظم ہاوٴس میں ہوگا، اجلاس میں پارلیمنٹ کی سفارشات کی روشنی میں خارجہ پالیسی، نیٹو ایساف اور امریکا کے ساتھ ازسرنو تعلقات اور نیٹو سپلائی کی بحالی کے امور پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ وزیراعظم ہاوٴس کے ذرائع کے مطابق کابینہ کی دفاعی کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہوگا جس میں خارجہ، داخلہ، اطلاعات، دفاع اور سینئر وزیر دفاعی پیداوار کے علاوہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، تینوں سروسز چیفس، ڈی جی آئی ایس آئی اور متعلقہ سیکریٹریز بھی شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں خطے میں سیکیورٹی کی صورتحال سمیت پارلیمنٹ کی سفارشات کی روشنی میں امریکا، ایساف اور نٹیو سے تعلقات اور نیٹو سپلائی کی مجوزہ بحالی کے امور پر تفصیلی غور کیا جائے گا، ذرائع کا کہناہے کہ اس سلسلے میں کئی آپشن پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں افغانستان میں امن وامان کی صورتحال اور خطے میں امن کے استحکام کی کوششوں پر تفصیلی غور ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ کی جانب سے خارجہ پالیسی کے حوالے سے تیار کردہ تجاویز کا بھی جائزہ لیاجائیگا۔