14 مئی ، 2012
اسلام آباد…تربیلا ڈیم میں پانی ڈیڈ لیول تک پہنچ گیا جبکہ منگلا ڈیم میں ڈیڈلیول سے محض پچاس فٹ بلندہے۔ڈی جی موسمیات کاکہناہے کہ آبی ذخائر میں پانی کی آمد جون سے شروع ہوگی۔ اسلام آباد میں جیو نیوز کے ساتھ ایک انٹرویومیں ڈائریکٹرجنرل محکمہ موسمیات عارف محمودکاکہناتھاکہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برف پگھلنے کے عمل میں مزید پندرہ دن تاخیر کا سامنا ہے۔درجہ حرارت میں کمی سے گلیشئرز جون میں پگھلنا شروع ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگلے چند روز میں مغربی ہواؤں کا سسٹم دو سے تین مرتبہ بالائی علاقوں میں داخل ہو گا جس کے باعث بالائی علاقوں میں مزید بارشوں کاامکان ہے۔ڈی جی موسمیات نے کہاکہ سندھ اور بلوچستان میں گرمی کی شدت اگلے چند روز کے دوران برقرار ر ہے گی جب کہ بالائی علاقوں میں موسم ابر آلود رہے گا۔