12 جولائی ، 2015
کراچی.......متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کا ایک اجلاس رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت کی صدارت میں ہوا ۔ اجلاس میں ہونے والے متفقہ فیصلے کے مطابق رابطہ کمیٹی کے جوارکان اپنی ذمہ داریاں پورے طریقہ سے نبھانے سے قاصر ہیں ان کو ذمہ داریوں سے سبکدوش کرکے انکی جگہ دیگر سینئر اورفعال کارکنوں کو رابطہ کمیٹی میں شامل کیاجائے ۔ اجلاس میں کیے گئے فیصلہ کے مطابق رابطہ کمیٹی نے سینئر رکن رابطہ کمیٹی محمد انور کو انکی خرابی صحت اور مسلسل علالت کے سبب رابطہ کمیٹی کی رکنیت سے سبکدوش کردیا ہے اور ان سے کہا گیا ہے کہ وہ صحت یاب ہونے تک مکمل آرام کریں۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ محمدانور، ایم کیوایم کے سینئر رکن ہیں جو کڑے اور کٹھن وقت میں محنت اور لگن سے کام کرتے رہے ہیں جس پرہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اورکرتے رہیں گے لیکن کچھ عرصہ سے وہ تنظیمی کاموں میں اس دلچسپی اور ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کررہے جس کا وہ پہلے مظاہرہ کیاکرتے تھے ۔ محمدانور متعدد امراض میں بھی مبتلا ہیں اور آئے دن انہیں مختلف طبی معائنوں کیلئے ڈاکٹروں کے پاس جانا پڑتا ہے جس کی وجہ سے وہ اکثروبیشتر غیرحاضر رہتے ہیں۔