14 مئی ، 2012
اسلام آباد…وفاقی وزیر خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی اہلیت کا فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی،اسپیکر قومی اسمبلی غیر جانبدار ہیں۔ لوڈ شیڈنگ کے معاملے میں میاں نواز شریف نے ملک کا بیڑا غرق کیا۔ پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ ہم نے بڑی مشکل سے 58 ٹو بی سے جان چھڑائی ہے، ہم دوبارہ یہ اختیار کسی اور کے سپرد کیوں کر دیں کہ وہ جب چاہے منتخب وزیر اعظم کو ہٹا دے۔ انھوں نے کہا کہ قائدحزب اختلاف کو خط لکھا ہے کہ وزیر اعظم چیف الیکشن کمشنر کے لیے اپنے نام نامزد کر چکے ہیں، حزب اختلاف بھی اپنے نام بھجوا دے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ ن لیگ کے سامنے عمران خان آ گیا ہے، اس لیے وہ خود کو حزب اختلاف ثابت کرنے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔خورشید شاہ نے کہا کہ سپریم کورٹ لوڈ شیڈنگ کے اصل ذمہ داروں کا تعین کرنے کا بھی از خود نوٹس لے۔ ان کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو نے توانائی پیداوار کے منصوبے شروع کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوڈ شیڈنگ کے معاملے میں میاں نواز شریف نے ملک کا بیڑا غرق کیا۔ اور اس کے بعد مشرف دور نے بھی لوڈ شیڈنگ خاتمے کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا۔