25 جولائی ، 2015
کراچی ........ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ نے سیلاب سے متاثرہ چترال میں کمیونیکیشن سروسزبحال کر دی ہیں ۔خصوصی ٹیموں نے عید کے دنوں میں طوفانی بارشوں اور خراب موسم کے باوجود مستعدی سے کام کرتے ہوئے لینڈ لائن، براڈ بینڈ اور وائر لیس سروسز کو بحال رکھا اور متاثرہ علاقوں میں رابطے کی سہولیات فراہم کیں۔ عمران جنجوعہ، جنرل مینیجر پبلک آئوٹ ریچ اینڈ کارپوریٹ کمیونیکیشن، نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث چترال میں ہمارے پچاس فیصدسے زائد انفرا سٹرکچر اور ایکسچینج کو نقصان پہنچا تاہم ٹیموں کی مسلسل انتھک محنت کے نتیجے میں زیادہ تر سروسز کو بحال کیا جا چکا ہے۔ چند متاثرہ صارفین کے لیے بھی بحالی کا کام اگلے دو سے تین روز میں مکمل کر لیا جائیگا۔ متاثرہ علاقے میں بجلی کی عدم موجودگی کے باوجود پی ٹی سی ایل مقامی ذرائع آمدو رفت استعمال کرتے ہوئے سروس سائٹس کو فیول کی فراہمی یقینی بنا کر بیک اپ پاور سسٹم کے تحت اپنی سروسز جاری رکھے ہوئے ہے ۔ پی ٹی سی ایل کے چیف بزنس آپریشنز آفیسر، محمد نصر اللہ نے چترال میں پی ٹی سی ایل ٹیموں کیجانب سے سروسز کی بروقت بحالی پر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ علاقوں کے لوگوں کی مدد کرنا اور اُن کا مُلک کے دیگر علاقوں کے ساتھ رابطہ برقرار رکھنا ا اس وقت ہماری اوّلین ترجیح ہے۔