پاکستان
26 جولائی ، 2015

ایم کیوایم متوسط طبقہ کے انقلاب کی ضمانت ہے،الطاف حسین

لندن.......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطا ف حسین نے مہاجرقومی موومنٹ کومتحدہ قومی موومنٹ میں تبدیل کرنے کے 18سال مکمل ہونے پر ایم کیوایم کے تمام کارکنان اورملک بھرکے حق پرست عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے ۔اس موقع پر اپنے خصوصی بیان میں انھوں نے کہاکہ ایم کیوایم ملک کی واحدجماعت ہے جس نے غریب ومتوسط طبقہ سے جنم لیا، جس کی قیادت جاگیردارطبقہ سے نہیں بلکہ مڈل کلاس سے تعلق رکھتی ہے۔ ایم کیوایم نے اگرچہ مہاجروں کے حقوق کیلئے اپنی جدوجہدکاآغازکیااور مہاجروں کوحقوق کیلئے متحدکیالیکن جب ہم نے یہ دیکھاکہ ملک بھرمیں غریب ہاری، کسان، مزدوراورمتوسط طبقہ کے عوام بھی مراعات یافتہ طبقہ کے ہاتھوں ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں توہم نے ایم کیوایم کادائرہ پورے ملک میں پھیلاناچاہااوریہ اعلان کیا کہ14اگست 1992ء کو مہاجرقومی موومنٹ کو ’’متحدہ قومی موومنٹ ‘‘ میں تبدیل کردیاجائے گالیکن اس سے قبل ہی ایم کیوایم کوملک بھرمیں پھیلنے سے روکنے اوراس کی جدوجہدکوکچلنے کیلئے 19جون 1992ء کو ایم کیوایم کے خلاف فوجی آپریشن شروع کردیاگیا۔ تمام ترمظالم کے باوجود ہم نے 26جولائی 1997ء کومہاجرقومی موومنٹ کو متحدہ قومی موومنٹ میں تبدیل کیا۔تمام ترریاستی مظالم ، سازشوں اور پروپیگنڈوں کے باوجودآج سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان ، آزادکشمیراورشمائلی وقبائلی علاقہ جات میں ایم کیوایم کے چاہنے والے موجود ہیں جوملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام کے خاتمہ اورنظام میں حقیقی تبدیلی کیلئے کوشاں ہیں۔ الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم ہی فرسودہ نظام کی تبدیلی اورغریب ومتوسط طبقہ کے انقلاب کی ضمانت ہے اسی لئے ایم کیوایم کوملک بھرمیں پھیلنے سے روکنے کے مقصدکے تحت اس کے خلاف ریاستی آپریشن جاری ہے ، انہوں نے کہاکہ حالات چاہے جیسے بھی ہوں اور ایم کیوایم کو کتنے ہی زہریلے پروپیگنڈوںکا سامنا کیوں نہ کرنا پڑے مجھے یقین ہے کہ کارکنان اور حق پرست عوام کٹھن حالات سے نہیں گھبرائیں گے اورثابت قدمی اور مستقبل مزاجی کے ساتھ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ دریں اثنا الطا ف حسین نے سادہ لباس میں ملبوس اہلکاروں کی جانب سے ممتازصحافی فہیم صدیقی کے اغوااورتشدد کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ الطاف حسین نے مطالبہ کیاکہ اس واقعہ کی تحقیقات کرائی جائے اوراس واقعہ میں ملوث سرکاری اہلکاروںکوگرفتارکیاجائے ۔دریں اثنا ایم کیو ایم کے سینئرڈپٹی کنوینرندیم نصرت نے جیو نیوزکے بیوروچیف فہیم صدیقی کی غیرقانونی بلاجوازگرفتاری اوران پرکئے جانے والے بہیمانہ تشدد کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ،اور کہاکہ افسوسناک بات یہ ہے کہ پولیس اہلکارفہیم صدیقی کی جانب سے تمام ترشناختی دستاویزات دکھانے کے باوجود ان پر تشددکرتے رہے۔انہوں نے پاکستان کی پوری صحافی برادری سے اپیل کی کہ وہ اس افسوسناک واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اتوار کے روز اپنے بازؤوں پرسیاہ پٹیاں باندھ کر اپنا احتجاج رجسٹرکرائیں۔

مزید خبریں :