26 جولائی ، 2015
واشنگٹن ......کراچی میںمہاجروں پرمبینہ ریاستی آپریشن کے خلاف ایم کیوا یم امریکہ کے زیر اہتمام واشنگٹن ڈی سی میں وائٹ ہائوس کے سامنے بڑااحتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔جس میں ایم کیو ایم امریکہ کی سینٹرل کمیٹی کے اراکین ، چیپٹر انچارج فیصل عثمان، چیپٹر کمیٹی کے اراکین،امریکہ میں مقیم پاکستانیوں، مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران، خواتین ، بچوں، نوجوانوں ،بزرگوں سمیت کارکنان اور ہمدردوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین الطاف حسین اور مہاجروں کیلئے علیحدہ صوبے کے حق اورکراچی میں مہاجروںپر مظالم کے خلاف نعرے بلند کرتے رہے۔مظاہرے کے شرکاء سے اپنے خطاب میں مقریرین نے پاکستان میں مہاجر دشمن اقدامات اور کاروائیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیااور کہا کہ بدترین مظالم کے شکار مہاجر قوم اب اپنی بقاکے لئے عالمی برادری کی جانب دیکھنے پر مجبور ہیں، مقررین نے مزید کہا کہ آج کے مظاہرے کا مقصد امریکہ سمیت بین الاقوامی برادی کی توجہ مہاجروں کی حالت زار پرمبذول کرانا ہے۔ انہوں نے صدر باراک ابامہ ، امریکی سینیٹ اور کانگریس کے اراکین سے اپیل کی کہ وہ مہاجروں پر مظالم رکوانے کے لئے پاکستانی حکومت اور ریاست پر اپنا اثر رسوخ استعمال کریں۔ مظاہرے کے شرکاء نے اپنے اس عزم کا اظہار کیا کے وہ مہاجر قوم کا مقدمہ بین الاقوامی فورم پر پوری شدت کے ساتھ اٹھاتے رہیں گے اور کسی صورت مہاجر حقوق کی جدوجہد سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ مظاہرہ ایک گھنٹے سے زائد تک جاری رہا ۔