پاکستان
29 جولائی ، 2015

بھارت سا زشوں کے نئے جال بن رہا ہے ، حامد موسوی

 بھارت سا زشوں کے نئے جال بن رہا ہے ، حامد موسوی

اسلام آباد ....... قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں بھارتی دہشت گرد نیٹ ورک بے نقاب ہو جانے کے بعد ازلی دشمن سا زشوں کے نئے جال بن رہا ہے حکومت اپوزیشن اس نازک صورتحال میں ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے بجائے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں،گورداسپورممبئی ڈرامے کی نئی قسط ہے جس کا مقصد کشمیری تحریک حریت اور تیزی سے سر اٹھاتی خالصتان تحریک سے توجہ ہٹاناہے، حکومت بھارتی چالبازیوں سے نمٹنے کیلئے مضبوط خارجہ پالیسی اپنائے ،مکتب تشیع احساس محرومی کا شکا رہے آج بھی ضیائی پالیسیاں جاری ہیں اسلامی نظریاتی کونسل ،یڈرل شریعت کورٹ ،رویت ہلال کمیٹی سمیت تمام ریاستی مذہبی اداروں میں مکتب تشیع کو برابر کی نظریاتی نمائندگی اور نوبت بہ نوبت سربراہی دی جائے ، عالم اسلام کے مسائل کا حل جراتمندانہ پالیسیاں اپنانے میں مضمر ہے۔ہر مصیبت و جارحیت میںپاکستانی عوام کی آخری امید فوج ہے زلزلوں سیلابوں آفتوں سے نمٹنے سے لے کر دہشت گردی کے عفریت کو کچلنے تک افواج پاکستان نے اپنا آپ منوایا ہے سیاستدان اپنے آپ کو منوانے اور عوامی اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں،عالمگیریوم انہدام جنت البقیع کے پروگراموں میں لاکھوں شیعہ سنی برادران کی شرکت عشق رسول ؐ اور اہلبیت اطہار و پاکیزہ صحابہ کبارسے والہانہ محبت کی دلیل ہے جو امت مسلمہ کا سب سے بڑا اثاثہ ہے،نیشنل ایکشن پلان پر سختی کے ساتھ عمل کیا جائے کالعدم دہشت گرد گروپوں کے خلاف کسی رورعایت کے بغیر کاروائی کی جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ملک بھر سے نمائندگان نے شرکت کی ۔سید حامدموسوی نے کہا کہ بھارت پاکستان کا ازلی دشمن ہے جوایران پاکستان تعلقات میں دراڑ ڈالنے کے بعد اب افغانستان کے ساتھ بہتر ہوتے ہوئے تعلقات میں رخنہ ڈال رہا ہے ۔حکومت پاکستان اپنی سفارتی کمزوریوں کو دور کرے اور دیرینہ دوستوں کے ساتھ تعلقات کو ترجیح دی جائے اور یہ مت بھولے کہ ایران نے پاکستان کو سب سے پہلے تسلیم کیا جنگوں سمیت ہر مشکل وقت میں کھل کر مدد کی ۔انہوں نے کہاکہ حکمران دہشت گردی آب گردی سمیت تمام بھارتی شر انگیزیوں کا مسئلہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں اٹھائیں ۔

مزید خبریں :