30 جولائی ، 2015
شکاگو.......کراچی میں جاری ریاستی مظالم ، بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، غیر قانونی چھاپوں،گرفتاریوںاور غیر انسانی تشدد اور مبینہ ماورائے عدالت قتل کے خلاف ایم کیو ایم امریکہ شکاگو کی جانب سے علامتی بھوک ہڑتال اور مظاہرہ کا انعقاد کیا گیا۔جس سے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی، شکاگو کے انچارج سہیل یوسف سمیت کارکنان اور امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اور ریاستی جبر کا نشانہ بنائے جانے کے خلاف شدید غم و غصہ کا اظہار کیااور اپنا پرامن احتجاج ریکارڈ کرایا۔ شرکاء نے اپنے ہاتوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی نے کہا کہ بانیان پاکستان کی اولادوں،ایم کیو ایم کے کارکنان و ہمدردوں، منتخب نمائندوںاور قیادت کے خلاف ریاستی جبر و تشددکا عمل ایک قابل مذمت جرم ہے،68سالوں سے جاری نا انصافیوں کی وجہ سے اردو بولنے والوں میں احساس محرومی اب احساس بے گانگی میں بدلتا جا رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ کسی کے بھی نظریات اور خیالات سے اختلاف کیا جاسکتا ہے اور اسکا موزوں ترین طریقہ یہی ہے کہ گفتگو اور دلیل سے اسے رد کیا جائے مگر سچائی کو جبر سے دبانا ممکن نہیں ہے کروڑوں افراد کے ہر دلعزیز رہنما الطاف حسین کی تقاریر پر پابندی دراصل اظہار رائے اور بنیادی حقوق پر پابندی ہے۔ انھوں نے وزیر اعظم، افواج پاکستان کے سربراہ ، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا کے بانیان پاکستان کے خلاف جاری ریاستی آپریشن کا فوری نوٹس لیکر مہاجروں کو نشانہ بنانے کا عمل بند کیا جائے اور ٓپریشن کو صرف جرائم پیشہ اور معاشرے کے ناپسندیدہ عناصر تک محدود کیا جائے۔دریں اثنا ایم کیوایم امریکہ کاتین روزہ 19واں سالانہ کنونشن جمعہ 31 جولائی سے امریکہ کے شہرڈیلاس میں شروع ہوگا۔کنونشن سے ہفتہ یکم اگست کوقائدتحریک الطاف حسین خطاب کریںگے۔ کنونشن میں امریکہ کی تمام ریاستوں کے یونٹوںکے ذمہ داران وکارکنان سمیت امریکا میں مقیم پاکستانی افراد شرکت کریںگے۔کنونشن کا موضوع ’’ نئے صوبوںکاقیام … پاکستان کااستحکام ‘‘ ہے ۔ افتتاحی سیشن میں مہمانوں کاتعارف ہوگااورکنونشن کے مجلہ کااجراء کیاجائے گا۔