31 جولائی ، 2015
رحیم یار خان.........پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ۔محکمہ موسمیات نے ہفتے سے پیر کے دوران بالائی علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے ۔ پنجاب کے شہر راجن پور اور گردونواح میں رات سے وقفے وقفے سے موسلادھار بارش ہورہی ہے ۔کوہ سلیمان کے پہاڑوں پر بارش کے بعد ندی نالے دوبارہ بھر گئے ہیں۔ملتان میں بارش کا سلسلہ کل رات سے صبح تک وقفے وقفے سے جاری رہا۔شہر کے بیشتر نشیبی علاقے زیر آب آچکے ہیں۔ مظفر گڑھ میں کل شام بارش شروع ہوئی اور جل تھل ایک کردیا۔ بارش کا سلسلہ آج بھی وقفے وقفے سے جاری ہے ۔چیچہ وطنی اور گردونواح میں موسلا دھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور نشیبی علاقے زیر آ ب آگئے ۔ریلوے روڈ،سبزی منڈی اور شہر کے دیگر علاقوں کی سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا ۔ کئی شہری اور دیہی علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی جو اب تک بحال نہیں ہوسکی ہے ۔رحیم یار خان اور گردو نواح میں تین روز سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ۔ سندھ کے شہروں جیکب آباد اور کشمور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش ہورہی ہے۔نگوانی اور بخشا پور سمیت کشمور کے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑ ا ہو گیا ہے ۔ جیکب آباد شہر کے بازاروں میں بھی ایک سے دو فٹ پانی کھڑا ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی پنجاب، خیبرپختون خوا، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔