31 جولائی ، 2015
راجن پور.......راجن پور اور کوہ سلیمان کے ندی نالوں میں طغیانی سے 87بستیاں متاثر ہوئی ہیں ، بدین میں بارشوں سے سیم نالوں میں شگاف سے کئی دیہات زیر آب آگئے ہیں۔جبکہ ریسکیو ٹیمیں نہ پہنچنے کے باعث ڈیرہ غازی خان کی برساتی ندی میں پھنسی گاڑی نہیں نکالی جاسکی ہے ،ڈیرہ غازی خان کے قریب قبائلی علاقے فاضلہ کچھ کی برساتی ندی میں پھنسی گاڑی کو نکالنے کیلیے اب تک کوئی امدادی کارروائی شروع نہیں کی جاسکی ہے ،زمینی رابطے منقطع ہونے کے باعث ریسکیو ٹیمیں یہاں پہنچ نہیں پا رہی ہیں ،گاڑی میں 3 خواتین سمیت 7 افراد سوار ہیں۔راجن پور اور کوہِ سلیمان میں رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ،ضلعی انتظامیہ کے مطابق ندی نالوں میں طغیانی سے اب تک 87 بستیاں زیرِآب آچکی ہیں۔28 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں اور 43 ہزار ایکڑ اراضی کو نقصان پہنچا ہے۔ راجن پور کے علاقے پُل پٹھان کے مقام پر سنگین سیلابی صورتحال ہے ، راجن پورشہر بچانے کیلیے ضلعی انتظامیہ نے پُل سیفن بارودی مواد سے تباہ کرنے کی کوشش کی ،تاہم مقامی لوگوں کے شدید احتجاج کی وجہ سے ایسا نہ کیا جا سکا ۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے سندھ سے 6 لاکھ کیوسک کا ریلا کوٹ مٹھن کے مقام سے گزرے گا، کوٹ مٹھن اور روجھان میں کچے کےعلاقے میں فلڈ وراننگ جاری کردی ہے ۔ دریائے سندھ میں مظفر گڑھ اور لیہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے ۔بدین میں بارشوں کے باعث سیم نالوں میں شگاف سے کئی دیہات اور فصلیں زیر آب آ گئی ہیں ۔