31 جولائی ، 2015
اسلام آباد.....جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین نے کہا ہے کہ کچھ قوتیں پی ٹی آئی کوسیاسی اوراندرونی طور پر نقصان پہنچانےکی کوشش کررہی ہیں،جہانگیر ترین سے متعلق اپنی رپورٹ پر قائم ہوں، ان کی پارٹی رکنیت ختم ہونی چاہئے۔ پارٹی میں قبضہ گروپ یا اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ نہیں، نظریاتی لوگوں کے ساتھ ہیں ۔تحریک انصاف کی انٹرا پارٹی الیکشن کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین نے پارٹی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اور پارٹی الیکشن کے معاملات پر گفتگو کی۔ ملاقات کےبعد بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جسٹس رٹائرڈ وجیہہ الدین نےکہا کہ عمران خان سے مزید بات چیت ہوگی اور گفتگو کا دوسرا دور 2 اگست کو ہوگا۔جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین نے کہاکہ انہو ں نے عمران خان پر واضح کردیا ہے کہ وہ پارٹی الیکشن سےمتعلق اپنی رپورٹ پر سو فیصد قائم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ جہانگیر ترین کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کے موقف پر اب بھی قائم ہیں ، کچھ قوتیں پی ٹی آئی کو سیاسی اور اندرونی طور پر نقصان پہنچار ہی ہیں ، وہ پارٹی کی اسٹیبلشمنٹ یا قبضہ گروپ کے ساتھ نہیں بلکہ نظریاتی لوگوں کے ساتھ ہیں ، جسٹس رٹائرڈ وجیہہ الدین نے کہاکہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ میں جو تجاویز دی گئی ہیں ان میں سقم موجود ہیں۔جسٹس جیہہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کواندرونی طورپرمضبوط ومنظم کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی سے تعلقات خراب نہیں تھے، ہم نےشواہد کے مطابق فیصلےدئیے۔