پاکستان
31 جولائی ، 2015

ڈیلاس کنونشن سے الطاف حسین کا خطاب اہم ہوگا، رابطہ کمیٹی

لندن......متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کہاہے کہ ایم کیوایم امریکہ کے تین روزہ کنونشن سے قائد تحریک الطاف حسین کا خطاب انتہائی دھماکہ خیز ثابت ہوگا۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ہفتہ کو ڈیلاس میں ایم کیوایم امریکہ کے سالانہ کنونشن سے الطاف حسین اہم خطاب کریں گے جس میں وہ پاکستان کی موجودہ صورتحال ، ملک میں بڑھتی ہوئی مذہبی انتہاء پسندی کے اسباب اوردیگر حوالہ سے سنسنی خیز تاریخی حقائق بیان کریں گے ۔الطا ف حسین کا یہ خطاب ہفتہ یکم اگست کوامریکہ کے شہر ڈیلا س کے مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے ، پاکستانی وقت کے مطابق صبح 2 بجے اور لندن وقت کے مطابق رات 10 بجے شروع ہوگا۔ واضح رہے کہ ایم کیوایم امریکہ کے تحت ’’نئے صوبوں کا قیام …پاکستان کا استحکام ‘‘ کے عنوان سے تین روزہ کنونشن امریکہ کے شہر ڈیلاس میں منعقد کیاجارہا ہے جس میںامریکہ کی تمام ریاستوں کے علاوہ دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ایم کیوایم کے ذمہ داران ، کارکنان اور ہمدرد شرکت کریں گے۔ الطاف حسین کا خطاب ایم کیوایم کی ویب سائٹ http://live.mqm.org پر دیکھا جاسکتا ہے ۔دریں اثنا الطاف حسین نے پوری دنیا میں رہنے والے پاکستانیوں او رپوری دنیا کے سچے حق پر ست عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ہفتہ کو ڈیلاس کنونشن میں ہونے والا میرا خطاب براہ کرام غور سے سنیں۔ الطاف حسین نے کہاکہ میرایہ خطاب انتہائی اہمیت کاحامل ہے جس میں، میں دنیا میں پھیلی ہوئی دہشت گردی کے اسباب اورقتل وغارتگری کا پس منظربیان کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کےحکمرانوں کے چہروں پر پڑے شرافت کے نقاب کو اتار کر ان کا اصل چہرہ عوام کو دکھائو ں گا ۔لہٰذا عوام سے میری اپیل ہے کہ وہ حقائق سے آگاہ ہونے کیلئے میرے اس خطاب کو سننے کی ہرممکن کوشش کریں ۔

مزید خبریں :