02 اگست ، 2015
اسلام آباد......وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہےکہ گذشتہ رات لندن سے ایک نفرت انگیز تقریر کی گئی ، الطاف حسین کی تقریر کا مقصد اداروں اور ریاست کو تضحیک کا نشانہ بنانا تھا، لندن سے کی جانیوالی تقریریں اصول،قانون ،ضابطے کی تمام حدیں پار کر گئیں،خاص طور پر ایم کیو ایم نے نیٹو افواج کو پاکستان میں آپریشن کی دعوت دینا،ناقابل قبول ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئےان کا کہنا تھاکہ گزشتہ چندہفتوں سےرینجرزآپریشن سےمتعلق ایم کیوایم کاردعمل شدیدہوگیا ہے ،اصل غصہ لندن میں چلنے والے کیس پر ہے ،لیکن میں یہ واضح کردوں کہ پاکستان کا برطانیہ میں الطاف حسین کے خلاف کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔کراچی آپریشن میں ایم کیو ایم کو نشانہ بنائے جانے کا تاثر غلط ہے،آپریشن میں ایم کیو ایم سمیت کسی جماعت کو نشانہ نہیں بنایا جارہا،کراچی آپریشن میں مختلف جماعتوں کے افراد گرفتار ہوئے، آپریشن میں اگر کسی کو غلط گرفتارکیا تو بعد میں چھوڑدیاگیا۔