02 اگست ، 2015
کراچی......متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کہاہے کہ کراچی آپریشن کی آڑ میں محب وطن مہاجروںکے سیاسی ، معاشی اور جسمانی قتل عام میں شریف برادران بھی برابر کے شریک ہیں اور انشاء اللہ بہت جلد ظالموں کو عبرتناک انجام کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کے بیانات قابل مذمت ہیں۔ الطاف حسین نے سچائی بیان کرکے پانچ کروڑ مہاجروں کے دلوںکی ترجمانی کی ہے ۔ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ اور انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان کی رپورٹ سے ثابت ہوگیا ہے کہ کراچی آپریشن کی آڑ میں کروڑوں عوام کی منتخب نمائندہ جماعت ایم کیوایم کو کچلنے کی سازش کی جارہی ہے اور بنیادی انسانی حقوق پامال کیے جارہے ہیں لیکن اس ظلم کے خلاف شہبازشریف اور سرفراز بگٹی کو ایک لفظ تک بولنے کی توفیق نہیں ہوئی ۔ہم مذہب اورہم وطن شہریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی حمایت کرنے والے خود پاکستان کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ جب حکومت اپنے شہریوں کی جان ومال کی دشمن بن جائے تو ظلم کا شکار مہاجر عوام کو انصاف کون فراہم کرے گا؟بانیان پاکستان کی اولادوں نے عزت سے جینے اور مرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔شہبا زشریف ، قوم کو جواب دیں کہ وزیراعظم نوازشریف اور وزیرداخلہ چوہدری نثار کی باربار یقین دہانیوں کے باوجود کراچی آپریشن کیلئے آج تک مانیٹرنگ کمیٹی کیوں تشکیل نہیں دی گئی؟ شہبازشریف کو ایم کیوایم کے بے گناہ رہنماؤں ، ذمہ داروں اور کارکنوں کی غیرقانونی گرفتاریاں،بہیمانہ تشدد، کارکنان کی گمشدگی اور ماورائے عدالت قتل کے واقعات کیوں دکھائی نہیں دیئے؟ شہبازشریف ،خواجہ آصف کی جانب سے مسلح افواج کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کرنے پر کیوں خاموش رہے؟ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ عدالت کی جانب سے رابطہ کمیٹی کے اسیررکن قمرمنصور کو طبی معائنہ کیلئے اسپتال بھیجنے کا حکم دینے کے باوجود انہیں علاج ومعالجہ کی سہولت سے محروم رکھنے کاعمل کیا توہین عدالت نہیں ہے؟ اور توہین عدالت کے اس عمل پر شہباز شریف کی زبان پر کیوں تالے لگے ہوئے ہیں؟