03 اگست ، 2015
ڈیلاس......متحدہ قومی موومنٹ امریکہ کے زیرِ اہتمام "نئے صوبے،مضبوط پاکستان" کے عنوان سے ڈیلاس میں جاری سہ روزہ انیسواں کنونشن کامیاب انعقاد کے بعد ختم ہوگیا۔ تین روزہ کنونشن میں مختلف سیشنز ہوئے جس میںایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت، رکن رابطہ کمیٹی واسع جلیل، سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے رکن بابر غوری، سینیٹر خوش بخت شجاعت، اراکین سندھ اسمبلی ارم عظیم فاروقی اور عدنان احمد سمیت امریکہ کے بائیس سے زائد شہروں سے آنے والے کارکنان ، ذمہ داران اور امریکہ مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔کنونشن کے تیسرے اور آخری دن منعقدہ سیشنز میں ایم کیو ایم امریکہ کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی نے اس حوالے سے تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی جس میں چیپٹرز کی کاردگی کو اطمینان بخش قرار دے کر تحریک میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی رکنیت سازی کو ممکن بنانے ،تنظیمی کام کو تیز کرنے کا فیصلہ کرکے آئندہ سال کے لیئے نئے اہداف کا تعین بھی کیا۔ کنونشن کے آخری سیشن میں ایم کیو ایم امریکہ کی تنظیم نوکی گئی ۔سینئر ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت نے نئی سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے ناموںکا اعلان کیا۔ نئی سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی میں جنید فہمی سینٹرل آرگنائزر، محمد ارشد حسین جوائنٹ سینٹرل آرگنائزر ، جبکہ عامر قاضی، وکیل احمد جمالی، وسیم زیدی،ثاقب محی الدین، توصیف خان، اسد صدیقی، گل محمد، علی حسن، عارف صدیقی، کامران حیدر، نسیم السحر، شمیم صدیقی کے نام بطور اراکین سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی شامل ہیں۔ کنونشن کے اختتام پر وزیر داخلہ چوہدری نثار ، وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اوردیگرکے متعصبانہ رویہ کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں۔ جبکہ شرکاء کنونشن کی جانب سے مضبوط و مستحکم پاکستان، محروم قومیتوں کے حقوق اور وسائل کی مساوی و منصفانہ تقسیم کیلئے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔