16 مئی ، 2012
کراچی … کراچی اسٹاک ایکس چینج میں ایک دن کی ڈرامائی تیزی کے بعد کاروباری سرگرمیاں پھر مندی کی لپیٹ میں رہیں اور انڈیکس 14 ہزار 100 پوائنٹس کی سطح سے بھی نیچے آگیا۔ بدھ کو کاروبار کا آغاز منفی ہوا اور یہ رجحان تمام دن ہی مارکیٹ میں جاری رہا۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی اور وفاقی بجٹ میں ممکنہ تاخیر کی وجہ سے سرمایہ کاروں نے شیئرز کی فروخت کو ترجیح دی۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 233 پوائنٹس کمی کے بعد 14 ہزار 81 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم 14 کروڑ شیئرز رہا، سب سے زیادہ کام ڈی جی خان سیمنٹ کے شیئرز میں ہوا جس کی قیمت2 روپے 14 پیسے کمی کے بعد 41 روپے 1 پیسے ہوگئی۔ دوسری جانب کے ایس ای تھرٹی انڈیکس 225 پوائنٹس کمی کے بعد 12 ہزار 276 پوائنٹس پر بند ہوا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق مندی کا یہ تسلسل مزید ایک دو دن جاری رہ سکتا ہے۔